مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کرنل سنتوش بابو کی آخری رسومات

,

   

سوریہ پیٹ 18 جون ( پی ٹی آئی ) چینی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہید کرنل بی سنتوش بابو کی مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ آج آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ ہزاروںافراد ماسک لگائے ’’ سنتوش بابو ۔ امر رہے ‘‘ اور ’’ وندے ماترم ‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ارتھی کے جلوس میںشامل رہے ۔ سینکڑوں دوسرے افراد اپنے گھروں کی چھتوں اور بالکنی میں کھڑے ہوکر شہید کرنل کو خراج پیش کر رہے تھے ۔ ان کی نعش کو فوجی گاڑی کے ذریعہ شمشان منتقل کیا گیا ۔ اس گاڑی پر سڑک کے دونوں جانب جمع ہوئے عوام نے پھول برسائے ۔ شہید کرنل کو خراج کے طور پر ٹاون میں بیشتر دوکانیں اور تجارتی اداروں کو بند رکھا گیا تھا ۔ کرنل بی سنتوش بابو کی نعش کو کل دہلی سے ایک خصوصی طیارہ میں حکیم پیٹ ائر فورس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا اور رات دیر گئے سوریہ پیٹ میں ان کی قیامگاہ تک نعش پہونچی تھی ۔ گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن ‘ ریاستی وزراء کے ٹی راما راو ‘ ملا ریڈی ‘ جگدیش ریڈی ‘ کمشنر پولیس سائبر آباد وی سی سجنار ‘ حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار اور دوسرے عہدیداروں نے ائر فورس اسٹیشن پر کرنل کو خراج پیش کیا تھا ۔ کرنل سنتوش بابو کی نعش کو ترنگے پرچم میں لپیٹا گیا تھا اور کثیر تعداد میں عوام نے انہیں خراج پیش کیا ۔ آخری رسومات ان کے خاندان کی زمین پر ہی انجام دی گئیں ۔ فوج نے شہید کرنل کو توپوں کی سلامی دی ۔ کرنل سنتوش بابو کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک دختر اور ایک فرزند شامل ہیں۔