مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ، 26 ستمبر کو پہلی قسط کی اجرائی

   

پٹنہ، 24 ستمبر (یو این آئی) بہار حکومت نے ریاست کی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار اور خود کفیل بنانے کے لیے ایک اہم قدم اُٹھایا ہے ۔ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کے تحت ہر کنبے کی ایک مستحق خاتون کو خود روزگار فراہم کرنے کے لیے 10 ہزار روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ اس اسکیم کا باضابطہ آغاز 26 ستمبر کو ہوگا۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام میں وزیرِ اعظم نریندر مودی آن لائن شرکت کریں گے جبکہ وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار پروگرام کے مہمانِ خصوصی ہوں گے ۔ اس دوران ریاست کی 75 لاکھ خواتین کے بینک کھاتوں میں 10-10 ہزار روپے کی رقم ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی) کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔ اسکیم کے تحت ان خواتین کے درمیان ساڑھے سات ہزار کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے ۔ اس پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں دیہی ترقیات محکمہ کے سکریٹری لوکیش کمار سنگھ نے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کو خط جاری کیا ہے ۔ جس میں خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ اس موقع کو کلسٹر لیول یونین اور گرام سنگٹھن کی سطح پر ایک تہوار کے طور پر منایا جائے ۔