ایک کروڑ سے عصری ٹائلیٹس کی تعمیر، 15 گنبدوں کا کام مکمل، افطار میں سینکڑوں روزہ داروں کی آمد
حیدرآباد یکم اپریل (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے آغاز سے قبل محکمہ اقلیتی بہبود نے تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ ماہ مقدس کے دوران افطار، تراویح اور دیگر نمازوں کے وقت روزہ داروں اور مصلیوں کے لئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی حکام کو ہدایت دی گئی ہے۔ تاریخی مکہ مسجد میں افطار کے موقع پر سینکڑوں روزہ دار موجود رہتے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد ہوتی ہے۔ افطار کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کے لئے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ایک ماہ کے لئے صفائی عملے کا عارضی تقرر کیا جاتا ہے۔ مسجد کے تزئین نو اور مرمتی کام اختتامی مراحل میں ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح پرچیزنگ کمیٹی نے رمضان کی آمد سے قبل ہی دونوں مساجد میں تمام ضروری اشیاء کی فراہمی کا انتظام کیا ہے۔ مجلس بلدیہ کی جانب سے ایک کروڑ کے خرچ سے مکہ مسجد میں عصری ٹائلیٹس تعمیر کئے گئے جبکہ 50 سال قدیم ٹائلیٹس ناقابل استعمال ہوچکے تھے۔ حوض کی صفائی کا کام مکمل ہوچکا ہے اور شام کے اوقات میں فوارہ عوام کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ مصلیوں کے لئے سیاحوں کی کثیر تعداد مسجد میں روشنی کے مشاہدے کے لئے پہونچ رہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 2008 ء میں مسجد میں قالین بچھائے گئے تھے جو اب خستہ ہوچکے ہیں لہذا اُنھیں نکال دیا گیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے نئی قالین بچھانے کا وعدہ کیا ہے جبکہ عوامی نمائندوں نے ورنگل جیل میں تیار کئے جانے والے کاٹن کے جانمازوں کی سفارش کی ہے۔ رمضان المبارک کے بعد اِس بارے میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ جانمازوں اور قالین کے لئے 65 لاکھ روپئے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔ مسجد کے استعمال کے لئے دو سمپ موجود ہیں جن کی ہر سال صفائی کی جاتی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مکہ مسجد کے جملہ 16 گنبدوں میں 15 گنبدوں کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ محراب اور منبر سے متعلق گنبد کے اندرونی کاموں کا رمضان المبارک کے بعد آغاز ہوگا۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا میں مستقل ڈائرکٹر کی عدم موجودگی کے سبب کاموں میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے۔ پہلے کنٹراکٹر کو غیر اطمینان بخش کاموں پر برطرف کرتے ہوئے نئے کنٹراکٹر کو کام الاٹ کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندرونی حصے میں کھڑکیوں کی تنصیب، سی سی ٹی وی کیبل، الیکٹریکل آلات اور پبلک اڈریس سسٹم کے لئے ایک کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ حکومت کی جانب سے ہر سال افطار کے لئے کھجور کا انتظام کیا جاتا ہے۔ بلاوقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے کے لئے جنریٹر تیار رکھے گئے ہیں۔ مکہ مسجد میں 3 دہے میں 3 قرآن مجید مکمل کئے جاتے ہیں اور پہلے دہے میں چاند رات سے خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی روزانہ 3 پاروں سے قرآن کی تکمیل کرتے ہیں۔ ر