مکہ مسجد اور شاہی مسجد کیلئے رمضان المبارک کے انتظامات

   

خصوصی کمیٹی کی تشکیل، درکار اشیاء اور سہولتوں کا جائزہ
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں ضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ یہ کمیٹی دونوں مساجد کے لئے درکار اشیاء کی خریدی کو منظوری دے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم کو کمیٹی کا صدرنشین مقرر کیا گیا جبکہ ارکان کی حیثیت سے عبدالقدیر صدیقی سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد اور محمد عبدالسمیع سینئر اسسٹنٹ دفتر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو شامل کیا گیا ہے ۔ محسن شریف سپرنٹنڈنٹ دفتر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کنوینر ہوں گے ۔ کمیٹی دونوں مساجد کا دورہ کرتے ہوئے ضروریات کا جائزہ لے گی اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو رپورٹ پیش کرے گی۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر نے رمضان المبارک میں دونوں مساجد کی ضرورتوں پر مشتمل رپورٹ ڈائرکٹر کو پیش کی ہے جس کا پریچیزنگ کمیٹی جائزہ لے گی ۔ دونوں مساجد کی ضرورتوں میں جن اشیاء کو شامل کیا گیا ، ان میں کھجور، دسترخوان ، الیکٹریکل ایٹمس ، پبلک ایڈریس سسٹم کیمیکل برائے صفائی حوض، واٹر پلانٹ کلینر ، فوٹ میاٹس ، کلیننگ اینڈ شیمپو برائے صفائی کارپیٹ اور ہاؤس کیپنگ ایٹمس شامل ہیں۔