روزنامہ سیاست کی توجہ دہانی پر ملازمین کو راحت،مسجد کے تعمیری اور مرمتی کاموں کی تکمیل
حیدرآباد۔16۔مارچ (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین کو آخرکار جنوری اور فروری کی تنخواہیں جاری کردی گئیں۔ روزنامہ سیاست کی جانب سے اس سلسلہ میں 3 مارچ کو خبر کی اشاعت کے ذریعہ حکام کو توجہ دلائی گئی تھی جس کے بعد تنخواہوں کی اجرائی کے سلسلہ میں فائل حرکت میں آئی اور آج ملازمین کو جنوری اور فروری کی تنخواہیں جاری کردی گئی ہیں۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں جملہ ملازمین کی تعداد 30 ہے اور مذہبی امور انجام دینے والے اسٹاف یعنی ائمہ اور مؤذنین کی تعداد 7 ہے۔ ائمہ اور مؤذنین کو مینٹیننس فنڈس سے ہر ماہ پابندی کے ساتھ تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ گزشتہ دو ماہ سے تنخواہوں سے محرومی کے باعث 23 ملازمین کافی پریشان تھے لیکن رمضان کے آغاز سے قبل انہیں راحت ملی ہے۔ اسی دوران مکہ مسجد کے صحن میں رمضان المبارک کیلئے خصوصی شیڈ کی تعمیر کا کل بعد نماز جمعہ آغاز ہوگا۔ ایک ماہ تک خصوصی شیڈ برقرار رکھا جاتا ہے تاکہ بارش کی صورت میں افطار اور تراویح میں مصلیوں کو دشواری نہ ہو۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں مرمتی کام مکمل ہوچکے ہیں۔ تمام 16 گنبدوں میں تزئین نو کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ نے رمضان المبارک سے قبل کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی تھی ۔ رمضان المبارک کے تین دہوں کیلئے تراویح کا الاٹمنٹ کردیا گیا۔ پہلے دہے میں خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی روزانہ تین پارے سنائیں گے۔ دوسرے دہے میں مولانا عبداللطیف اور تیسرے دہے میں حافظ عبدالعلی تراویح میں روزانہ تین پارے سنائیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران یوم القرآن کے جلسوں کے الاٹمنٹ کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔ مکہ مسجد میں رمضان کے دوران نماز عشاء 9 بجے شب ہوگی۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مکہ مسجد کے حفاظ کرام کیلئے بطور ہدیہ ایک لاکھ روپئے اور شاہی مسجد کیلئے 50,000 روپئے کی منظوری دی ہے۔ر