مکہ مسجد حوض کے تعمیری کاموں کو روک دیا گیا

   

غیر معیاری کاموں کی شکایت، اعلیٰ عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کا دورہ
حیدرآباد : تاریخی مکہ مسجد میں حوض کے تعمیری کام کو روک دیا گیا ہے۔ تعمیری کاموں میں معیار کی عدم برقراری کی شکایت پر حکومت کے مشیر اے کے خاں ، ڈئرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد اویسی اور رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں نے عہدیداروں کے ہمراہ معائنہ کیا اور تعمیری کام کو روکنے کی ہدایت دی۔ حوض میں پانی کے لکیج کو روکنے کیلئے کنٹراکٹر کی جانب سے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا اس پر ماہرین نے اعتراض جتایا ہے ۔ معائنہ کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ نئے سرے سے پلان تیار کیا جائے جس کے تحت حوض میں پانی کی کوئی کمی نہ رہے اور تقریباً 50 برسوں تک لکیج کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ واضح رہے کہ 15 لاکھ کے صرفہ سے حوض کے تعمیری کام کا آغاز کیا گیا تھا۔ 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے لیکن نئے فیصلہ کے مطابق اس کام کو ختم کردیا جائے گا۔ کنٹراکٹر نے اینٹ کی جو دیواریں تعمیر کی ہیں ، اسے توڑ کر عصری طریقہ سے سلاب تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نو تعمیر شدہ دیواروں کو توڑنا آسان ہے لیکن سیڑھیوں کو توڑنے کیلئے کرین کی ضرورت پڑے گی۔ حوض کی قدیم سیڑھیوں پر بڑے پتھر ہیں جنہیں آسانی سے نکالا نہیں جاسکتا۔ حالیہ عرصہ میں حوض کے اطراف نل لگائے گئے تھے لیکن یہ تجربہ ناکام ہوگیا۔ حوض سے پانی کی نکاسی کی صورت میں نچلے صحن میں تالاب کی کیفیت پیدا ہورہی تھی۔ اسی دوران رکن اسمبلی ممتاز خاں نے بتایا کہ اینٹوں کا کام غیر پائیدار ہے، لہذا واٹر پروف کیمیکل کے ذریعہ سلاب کا کام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کے ٹائلٹس کی تعمیر کا جلد آغاز ہوگا۔ عوامی نمائندوں اور عہدیداروں نے مسجد کے دیگر تعمیری کاموں کا بھی سپرنٹنڈنٹ عبدالقدیر صدیقی کے ساتھ جائزہ لیا ۔