حوض میں فوارہ نصب،اندرونی حصہ میں گنبدوں کی مرمت کا کام جاری
حیدرآباد: شہر کی تاریخی مکہ مسجد اور دیگر مساجد میں پانچ ہفتوں بعد نماز جمعہ کی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔کورونا وباء پر قابو پانے حکومت نے لاک ڈاون نافذ کرکے عبادت گاہوں کو بند کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کو معمول کی عبادت کیلئے بند کردیا گیا جس کے نتیجہ میں مساجد میں پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ نماز جمعہ کا اہتمام نہیں ہوسکا۔ حکومت نے گزشتہ اتوار کو لاک ڈاؤن کی برخواستگی کا فیصلہ کیا جس کے بعد سے مساجد اور دیگر عبادت گاہوں کو کھول دیا گیا ۔ مکہ مسجد اور دیگر مساجد میں لاک ڈاؤن کے 5 ہفتوں بعد آج پہلا جمعہ ادا کیا گیا جس میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ حکومت کے احکامات کے مطابق کووڈ قواعد پر عمل آوری کے ذریعہ نماز جمعہ ادا کی گئی ۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نے خطبہ جمعہ دیا اور امامت کی ۔ انہوں نے انسانیت کو کورونا وباء سے نجات اور ملک میں امن و امان و ترقی کیلئے دعا کی۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے مصلیوں کی زائد تعداد کے پیش نظر حوض تک صفوں کا انتظام کیا تھا ۔ صبح سے مسجد کے صحن کو نماز کیلئے صاف کیا گیا ۔ لاک ڈاؤن کے بعد پہلے جمعہ کے موقع پر مسجد کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح عمل میں آیا ۔ 22 لاکھ روپئے کے قرض سے مسجد کے حوض کی تعمیر اور تزئین نو کی گئی ۔ حوض میں وضو کی اجازت دی گئی اور حوض کے درمیان ایک خوبصورت فوارہ نصب کیا گیا ۔ شام کے اوقات میں رنگین روشنیوں کے ساتھ یہ فوارہ مسجد کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہا ہے۔ اسی طرح ایک کروڑ کی لاگت سے ٹائلٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہوگیا۔ جملہ 44 ٹائلٹس اور 35 طہارت خانے تعمیر کئے گئے ۔ نو تعمیر شدہ ٹائلٹس اور طہارت خانوں کا آج افتتاح عمل میں آیا ۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں مرمت اور تزئین نو کا کام جاری ہے ۔ کنٹراکٹر نے کاموںکو 7 یونٹس میں تقسیم کیا ہے جن میں سے 4 یونٹس کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ مکہ مسجد کے اندرون حصہ میں 16 گنبد ہیں جن میں سے 9 کی تزئین نو کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اندرونی حصہ میں 196 کھڑکیاں ہیں جنہیں پالش و مرمت کے بعد نصب کیا جائیگا ۔