مکہ مسجد کی تزئین نو کیلئے 20 لاکھ روپئے کی اجرائی

   

مسجد قطب شاہی کی حصار بندی، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا فیصلہ
حیدرآباد۔صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے تاریخی مکہ مسجد کے تعمیری و تزئین نو کے کاموں کے سلسلہ میں آرکیالوجیکل سروے عہدیداروں کو 20 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ حکومت نے 8 کروڑ 48 لاکھ کے خرچ سے مکہ مسجد کی تعمیر اور تزئین نو کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ وقف بورڈ کے ذریعہ یہ رقم جاری کی جارہی ہے۔ صدرنشین محمد سلیم نے بتایا کہ ابھی تک آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو4 کروڑ 20 لاکھ روپئے جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکہ مسجد کے باقی تعمیری اور مرمتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کاموں کی تکمیل کیلئے جو مدت مقرر کی گئی تھی وہ کافی پہلے ہی گذر گئی ہے لہذا کنٹراکٹرس کو باقی کاموں کی عاجلانہ انجام دہی پر توجہ دینی چاہیئے۔ محمد سلیم نے ہائی ٹیک سٹی کے منی کنڈہ جاگیر علاقہ میں سڑک کی تعمیر میں مصروف حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ یہ عہدیدار کل کے جائزہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ محمد سلیم نے سڑک کی تعمیر میں مصروف عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ قدیم قطب شاہی مسجد کی دیوار کو دوبارہ تعمیر کردیں۔ سڑک کی تعمیر میں مسجد کی اراضی کو حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ یہ قدیم مسجد وقف نوٹیفائیڈ ہے اور 1989 کے گزٹ میں اس کا تذکرہ موجود ہے۔ سڑک کی تعمیر کیلئے مسجد کی دیوار کو منہدم کرتے ہوئے صحن کا کچھ حصہ شامل کیا جارہا تھا۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے مسجد کی اراضی کی مکمل فینسنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ نہ صرف اس تاریخی مسجد کا تحفظ کرے گا بلکہ اسے آباد کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔