محکمہ اقلیتی بہبود کی مداخلت کے بعد ساؤنڈ سسٹم کو بحال کردیا گیا
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے مرکزی باب الداخلہ پر نصب ساؤنڈ سسٹم کو پولیس کی جانب سے بند کروانے کے بعد پیدا صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس نے اپنا دامن جھاڑتے ہوئے اس ساؤنڈ سسٹم کو دوبارہ بحال کرنے اقدامات کئے ۔محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام مکہ مسجد کے ذمہ داروں کو مبینہ طور پر چارمینار پولیس کے عہدیداروں نے ڈی سی پی ساؤتھ زون کی زبانی ہدایت کا حوالہ دیتے ہوئے مکہ مسجد کے باب الداخلہ پر موجود ساؤنڈ سسٹم کے تار کاٹنے کی ہدایت دی تھی جس پر مکہ مسجد میں برسر کار عملہ نے ساؤنڈ سسٹم بند کردیا ۔ ساؤنڈ سسٹم بند کرنے کی اطلاعات تیزی سے پھیل گئیں ۔ ان اطلاعات پر جناب عبدالقدیر صدیقی سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد سے رابطہ پر انہوں نے توثیق کی کہ پولیس حکام کی ہدایت پر مرکزی باب الداخلہ پر سسٹم کا کنکشن منقطع کردیا گیا۔محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار بالخصوص ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر جناب محمد الیاس احمد نے تاریخی مکہ مسجد کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ اطلاع درست نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب تفسیر اقبال آئی پی ایس نے فوری مداخلت کرکے مسجد کے باب الداخلہ پر ساؤنڈ سسٹم کو کارکرد بنانے کے اقدامات کئے ۔اس ساؤنڈ سسٹم کو بند کئے جانے کی اطلاعات کے ساتھ ہی مختلف گوشوں سے پولیس کی اس حرکت پر شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا اور پولیس نے اس واقعہ سے اپنا دامن جھاڑنے کی کوشش کی لیکن مختلف گوشوں سے فوری دباؤ کے نتیجہ میں شہر میں افواہوں پرقابو پانے کے اقدامات ممکن ہوپائے اور مکہ مسجد کے مرکزی باب الداخلہ پر موجود ساؤنڈ سسٹم کے کنکشن کو بحال کردیا گیا۔3