مکہ مسجد کے قریب ہزاروں مصلیوں کا مظاہرہ ، چند نوجوان زیر حراست

,

   

قانون شہریت کی مخالفت ، دکانات بند کروانے کی کوشش ، پرانے شہر میں معمولی کشیدگی ،پولیس چوکسی

حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جمعہ کے موقع پر پھر ایک مرتبہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف زبردست احتجاج ہوا۔ تاریخی مکہ مسجد کے پاس بعد نماز جمعہ ہزاروں مصلیوں نے شہریت قانون کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس کے علاوہ شہر میں کئی مساجد کے پاس بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مکہ مسجد کے پاس بڑے پیمانے پر مسلمانوں نے پُرامن احتجاج کیا۔جمعہ کے موقع پر پولیس کی جانب سے پرانے شہر بالخصوص تاریخی مکہ مسجد کے پاس سیکورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے اور ریاپڈ ایکشن فورس کو بھی متعین کیا گیا تھا۔ بعد نماز جمعہ تقریباً 2000 مصلیوں نے مسجد کے باہر سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا اور شہریت قانون کے علاوہ این آر سی کے خلاف نعرہ بازی کی۔ سینکڑوں افراد کی جانب سے اچانک احتجاج کرنے کے نتیجہ میں حالاتمعمولی سے کشیدہ ہوگئے لیکن پولیس نے احتجاجیوں کو پرانے شہر کے دیگر مقامات کو جانے سے روک دیا۔حالانکہ سادہ لباس میں ملبوس کئی پولیس عہدیداروں کو مسجد کے احاطہ میں تعینات کیا گیا تھا تاکہ مصلیوں کو مسجد سے باہر نکلنے سے قبل ہی منتشر کیا جاسکے لیکن مصلیوں نے مکہ مسجد کے باب الداخلہ اور مہاجر کیمپ کی سمت واقع گیٹ سے باہر نکل کر سڑک پر احتجاج کیا۔شاہ علی بنڈہ تا چارمینار احتجاجیوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے سینکڑوں احتجاجی جس میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ دیکھی گئی نے زبردست احتجاج کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔ پولیس نے ان نوجوانوں کا تعاقب کیا جو تجارتی اداروں کو جبراً بند کروانے کی کوشش کررہے تھے۔ احتجاجیوں نے شہریت قانون ایکٹ کی فی الفور برخاستگی کا بھی مطالبہ کیا۔ چارمینار پولیس نے احتجاج کرنے والے 14 نوجوانوں کو حراست میں لے کر انہیں کنچن باغ پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور بعد ازاں شام کو رہا کردیا گیا۔ پرانے شہر میں جمعہ کے دوران احتجاج کے پیش نظر جوائنٹ کمشنر پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن اویناش موہنتی نے راست طور پر حالات پر نظر رکھی اور ماتحتین کو احتجاجیوں سے صبر سے نمٹنے کی ہدایت دی۔جمعہ کے موقع پر شہر کے دیگر مقامات سنتوش نگر پانی کی ٹانکی، سات گنبد گولکنڈہ، مہدی پٹنم، مسجد عزیزیہ ہمایوں نگر اور عنبرپیٹ میں بھی سینکڑوں افراد نے شہریت قانون کے خلاف پُرامن احتجاج کیا۔دونوں شہروںمیں اچانک اوربڑے پیمانے پر شہریت قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے نتیجہ میں پولیس اُلجھن کا شکار ہوگئی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔