زائرین اور عوام کی سہولتوں کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ ۔ ضروری منظوریاں حاصل
مکہ مکرمہ : 2 اپریل ( ایجنسیز ) سعودی حکام نے عازمین عمرہ و حج کو موثر اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے مکہ مکرمہ میں جدید انٹرینیشنل ائرپورٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ میٹرو سسٹم کی تعمیر کیلئے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ رائل کمیشن فار مکہ سٹی اینڈ دی ہولی سائٹس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صالح الراشد نے بتایا ہے کہ مکہ ایئر پورٹ کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے منظوری حاصل کر لی گئی ۔ خانگی شراکت داری کے ذریعے سرمایہ کاری ماڈلز تیار کیے جائیں گے، اس منصوبے سے قریبی شہروں کے ایئر پورٹس کی معاشی حیثیت متاثر نہیں ہو گی۔ان کا کہنا ہے کہ مکہ میٹرو کا ابتدائی جائزہ اور ڈیزائن مکمل ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مکہ میں رہائشی سہولتیں، انفرااسٹرکچر اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے بڑے منصوبے جاری ہیں جن کا ہدف شہریوں اور زائرین کی طمانیت کو 90.5 فیصد تک پہنچانا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسمارٹ مکہ پروگرام کے تحت مصنوعی ذہانت کی مدد سے مسجد الحرام اور اطراف میں ہجوم کی نگرانی کی جا رہی ہے، جمرات پل اور مرکزی علاقوں میں رش کی پیشگی اطلاع اور فضائی امیجنگ کو بلدِی ایپلی کیشن سے منسلک کیا گیا تاکہ حجاج کے سفر کو آسان بنایا جا سکے۔ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری کیلئے بسیں، ٹیکسی اور گائیڈڈ ٹرانسپورٹ سروسز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، ’مکہ ٹیکسی‘ سروس جدید گاڑیوں، ٹریکنگ سسٹم، الیکٹرانک ادائیگی اور الیکٹرک و ہائبرڈ گاڑیوں کے ساتھ متعارف کروائی جا چکی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مکہ کا انفرااسٹرکچر منصوبوں کے تحت پہلے، دوسرے اور تیسرے رنگ روڈ کے بڑے حصے مکمل کر کے مسجد الحرام اور مقدس مقامات سے منسلک کر دیے گئے ہیں جبکہ شہر کے داخلی راستوں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔حج سہولتوں میں بہتری کیلئے مسجد الحرام کے اطراف 60 مینٹیننس عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں اور 32 برقی ایسکیلیٹرز نصب کیے گئے ہیں۔ عرفات میں 190,000 مربع میٹر پر 8 مقامات کی اپ گریڈیشن، 33,000 مربع میٹر پر دو منزلہ خیمے، 27,000 حجاج کی گنجائش کے حامل 10 رہائشی ٹاورز اور منیٰ میں 200 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی اسپتال بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ماحولیاتی منصوبوں کے تحت 20,000 درخت لگائے جا رہے ہیں، پانی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور 285,000 مربع میٹر سے زائد سایہ دار اور ٹھنڈے پیدل راستے تیار کیے جا رہے ہیں۔ مزید منصوبوں میں ویسٹ جمرات اسٹیشن کا قیام شامل ہے جس سے طواف الافاضہ 20 منٹ میں مکمل کیا جا سکیگا اور فی گھنٹہ 20,000 مسافروں کو سہولت ملے گی۔