ریاض ( کے این واصف ) دنیا میں غذائی اشیاء کی شدید قلت کے باوجود بہت سے لوگ بے دردی سے کھانا ضائع کرتے ہیں ۔ خصوصاً شادیوں اور بڑی ضیافتوں میں یہ منظر دیکھتے ہوئے کہ لوگ کچرے ڈبوں میں کھانا چن کر کھاتے ہیں ۔یہ جانتے ہوئے کہ دنیا کی آبادی کے ایک تہائی حصہ کو دن میں صرف ایک وقت کا کھانا میسر آتا ہے ۔اس با ت کا علم رکھتے ہوئے کہ دنیا میں کروڑو ں لوگ ہر رات بھوکے سوجاتے ہیں ۔ اس سب کے باوجود لوگ کوئی احساس کئے بغیر کھانا کوڑے دان کی نذر کردیتے ہیں ۔ کچھ فلاحی ادارے ہیں جو دعوتوں میں بچے ہوئے کھانے کو محفوظ کر کے ضرورت مندوں تک پہنچاتے ہیں ۔ ایسا ہی ایک فلاحی ادارہ متمول ملک سعودی عرب کے شہر مدیہ منورہ میں قائم کیا گیا ہے ۔ مقامی عربی اخبار میں شائع خبر کے مطابق بلدیاتی ترقیاتی اُمور کے نائب وزیر انجنیئر عبداللہ البدیر نے اپنی نوعیت کے پہلے فلاحی فوڈ بینک منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیاہے ۔ مکہ اخبار کے مطابق فلاحی فوڈ بینک اکرام تحفظ طعام سوسائٹی کے حتت قائم کیا گیا ہے ۔ یہ سوسائٹی بچ جانے والے کھانے کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے مختلف اسکیمیں چلارہی ہے۔