حکومت سعودی عرب تمام عازمین کے استقبال کیلئے پرعزم
ریاض : مملکت سعودی عرب کے حکام حج سیزن 2023 مطابق 1444 ہجری کے لیے ہر ممکن کوشش میں لگے ہوئے ہیں، جس کا آغاز 26 جون بروز پیر سے متوقع ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس ہفتے سعودی شہر مکہ مکرمہ میں حکام نے حج سیزن کے لیے منصوبوں اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے مکہ مکرمہ میں اجلاس منعقد کیا اور اس سال مملکت کے اندر اور باہر سے متوقع بڑی تعداد میں عازمین کرام کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مقدس مقامات پر لاگو کیے گئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حجاج کرام کی خدمت کے لیے مقدس مقامات پر قائم کی جانے والی سہولیات کی تیاری پر غور کیا گیا۔ غور طلب ہے کہ اب تک 4000 سے زیادہ ہاؤسنگ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں اور 19000 سے زیادہ بسیں تیار کی جا چکی ہیں۔اس سال حکام نے اس بات پر زور دیا کہ جو عازمین حج کرنا چاہتے ہیں، انھیں کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگوائے جائیں۔ اپریل میں وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ حج سیزن کے آغاز سے 10 دن پہلے ویکسینیشن کی آخری تاریخ ہے اور حج پرمٹ حاصل کرنے کے لیے عازمین کے پاس کورونا ویکسین کی تینوں خوراکیں ہونی چاہئیں۔ وزارت کی طرف سے موسمی انفلوئنزا اور میننگوکوکل میننجائٹس کے خلاف ویکسینیشن بھی شامل کی گئی ہیں۔ سعودی عرب کے باہر سے آنے والوں کے لیے درکار دیگر ویکسین میں زرد بخار اور پولیو شامل ہیں۔دس جنوری کو حکومت سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ وہ کورونا وبائی امراض کو روکنے کے لیے تین سال کی پابندیوں کے بعد اس سال کے حج کے لیے عازمین کی تعداد پر مزید پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔