مکہ مکرمہ میں حلال فورم ایگزیبیشن کا اختتام،15 ممالک کے اداروں کی شرکت

   

حیدرآباد ۔19 ۔ فروری (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کے چیمبر آف کامرس اینڈ ایوینٹس سنٹر میں مکہ حلال فورم کا اختتام عمل میں آیا۔ سعودی عرب کے وزیر کامرس ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ الکسابی کی نگرانی میں تین روزہ ایوینٹ منعقد کیا گیا جس میں سرکاری عہدیداروں کے علاوہ نامور صنعت کاروں نے شرکت کی۔ بین الاقوامی سطح پر حلال نظریہ کو فروغ دینے کیلئے ایونٹ منعقد کیا گیا۔ وزیر کامرس نے شخصی طور پر شرکت کی اور ان کے علاوہ بوسنیا کے وزیر خارجہ اور رشین فیڈریشن کے ڈپٹی پرائم منسٹر نے شرکت کی ۔ قطر چیمبرس کے صدرنشین شیخ خلیفہ بن جسیم الثانی بطور خاص شریک ہوئے۔ ترکی کے تجارتی وفد نے بھی حلال فورم میں حصہ لیا۔ تین روزہ عالمی ایونٹ کا 14 تا 16 فروری انعقاد عمل میں آیا ۔ سعودی عرب میں یہ تیسری مرتبہ منعقد کیا گیا۔ ایوانٹ کے دوران مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان 15 معاہدات طئے کئے گئے جن کے ذریعہ حلال اشیاء کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا ۔ ایوینٹ میں دنیا بھر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ 15 ممالک کی تقریباً 170 نمائشی اشیاء کو عوام کے مشاہدہ کیلئے پیش کیا گیا۔ دنیا بھر کی حلال انڈسٹری کی ترقی میں یہ ایوینٹ مددگار ثابت ہوگا۔ حلال انڈسٹری کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لئے 20 ممالک کے عہدیداروں نے حکمت عملی تیار کی ہے۔ اختتامی تقریب میں کئی سفارشات اور تجاویز پیش کی گئی تاکہ حلال انڈسٹری کو ترقی دی جاسکے۔ سعودی ویژن 2030 کے تحت حلال انڈسٹری کی ترقی کا جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔1