مکہ مکرمہ میں غیرمجاز افراد کاداخلہ یکم ؍ جولائی تک بند

   

ریاض: حج سیزن کی شروعات کے ساتھ سلطنت سعودی عرب کی ٹریفک پولیس نے سخت اقدامات شروع کئے ہیں تاکہ غیرمجاز گاڑیوں کو مکہ مکرمہ میں داخلہ سے روکا جاسکے۔ یہ امتناع آج جمعہ کی دوپہر سے یکم ؍ جولائی 2023ء تک لاگو رہے گا۔ حکام یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ حج پرمٹ کے بغیر کوئی بھی مکہ مکرمہ میں داخل نہ ہو۔ تمام انٹری پوائنٹس پر آفیسرس تعینات رہیں گے۔ سلطنت میں حج پرمٹ کے بغیر مکہ میں داخلہ پر بھاری جرمانہ اور قید کااعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی عازمین حج کے اخراجات 39 فیصد کم
ریاض: سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ مملکت کا سفر کرنے والے بین الاقوامی عازمین کے حج کی لاگت میں 39 فی صد کمی کی گئی ہے۔انھوں نے حج کے انعقاد کیلئے مملکت کی تیاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سال حج سیزن کے دوران میں مجموعی طور پر 37 سرکاری ادارے عازمین کو خدمات مہیا کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ عازمین حج کی تعداد کورونا وائرس کی وَبا سے پہلے کی سطح پر واپس آ گئی ہے۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے سعودی عرب میں پابندیوں کے نفاذ سے قبل قریباً 26 لاکھ افراد ہرسال فریضہ حج ادا کرتے تھے۔اس کے علاوہ سعودی ہلال احمر نے رواں حج سیزن کے دوران میں مقدس مقامات پر ہنگامی خدمات کیلئے 8 اگستا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی ہلال احمر کے مطابق ان ہیلی کاپٹروں کو مقدس مقامات پر ہنگامی طبی خدمات کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔یہ ہیلی کاپٹر جدید طبی آلات سے لیس ہیں اور اہل طبّی عملہ پر مشتمل ہیں۔یہ کسی بھی ہنگامی طبی صورت حال میں اوسطاً سات منٹ میں ردعمل کو یقینی بناتے ہیں۔سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں سالانہ حج 26 جون سے شروع ہوگا۔