مکہ مکرمہ ۔ مکہ مکرمہ میں آج جمعرات کو موسلادھار بارش ہوئی تاہم اس کے باوجود قدرے تاخیر سے غسل کعبہ کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی ۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے 3 ستمبر جمعرات کو غسل کعبہ کی رسم ادا کی ۔ شہزادہ خالد الفیصل نے سالانہ معمول کے مطابق عرق گلاب سے معطر آب زم زم سے غسل کعبہ کی رسم انجام دی ۔ اس موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات بھی کئے گئے تھے ۔ غسل کعبہ کی رسم میں گورنر مکہ کے ہمراہ مسجد الحرام و مسجد نبوی ؐ انتظامیہ کے سربراہ الشیخ عبدالرحمن السدیس کے علاوہ منتخب ممتاز علماء کرام اور کلید برداران کعبہ بھی شریک ہوئے۔ غسل کعبہ کی تقریب کو بارش کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا تاہم بعد نماز عشاء غسل کعبہ کی رسم نہایت سادگی کے ساتھ انجام دی گئی ۔ اس موقع پر غیر ملکی سفرا اور مہمان مدعو نہیں کئے گئے تھے ۔