مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش، 3افراد جاں بحق

   

مکہ مکرمہ : مکہ مکرمہ اور گرد ونواح میں موسلا دھار بارشوں کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے اور تین افراد سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ۔مکہ مکرمہ اور گرد و نواح میں موسلادھار بارشوں کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق دیہی علاقے الموسم میں تین افراد پانی کے ریلے میں ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ۔جمعہ سے جاری بارش کے بعد وادی بن عبداللہ اور وادی مثعان میں زبردست سیلاب آگیا ہے اور محکمہ شہری دفاع نے کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔محکمے کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والوں میں 35 سالہ نوجوان اور 13 سالہ دو لڑکے شامل ہیں، جو وادی میں گرنے کے بعد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے ۔دوسری جانب مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے دوران طواف اور عبادت میں مصروف رہے اور دعائیں بھی کیں۔ موسمیاتی مرکز نے مزید بارشوں کی پیش قیاسی کی ہے۔ مکہ مکرمہ میں تیزہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا۔حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ منگل کو الاحسا میں سب سے زیادہ گرمی پڑی جہاں درجہ حرارت ہے 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ السودہ سرد ترین علاقہ رہا جہاں کا درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈ رہا۔