ناظر رباط حسین محمد الشریف سے نظام اوقاف کمیٹی کی مشاورت
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) حج 2026ء کے عازمین حج کیلئے مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت کی فراہمی کے تحت 4 فروری کو قرعہ اندازی ہوگی۔ اوقاف کمیٹی ایچ ای ایچ دی نظام نے ناظر رباط حسین محمد الشریف سے مشاورت کے بعد 4 فروری شام 4 بجے چو محلہ پیالس خلوت میں قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے حج کمیٹی آف انڈیا کے عازمین حج میں قرعہ اندازی کے ذریعہ 695 کا انتخاب کیا جائے گا۔ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عازمین حج کو ہر سال رباط میں قیام کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے اور حج کمیٹی آف انڈیا کے کور نمبرس کے ذریعہ قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ رباط میں قیام کی سہولت سے فی عازم تقریباً 40 تا 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی۔ رباط میں 10 فیصد نشستیں نظام خاندان کے ارکان، صاحبزادگان اور نظام پرائیوٹ اسٹیٹ کے ملازمین کیلئے الاٹ کی جاتی ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے چو محلہ پیالس میں قرعہ اندازی کے مؤثر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ عہدیداروں اور سیاسی قائدین کی موجودگی میں شفافیت کے ساتھ قرعہ اندازی انجام دی جاتی ہے جس کے فوری بعد منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ پیام روانہ کردیا جاتا ہے۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے گزشتہ برسوں کی طرح رباط میں عازمین حج کیلئے مؤثر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے ہیں۔ ہر سال عازمین کی تعداد میں اضافہ کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو قیام کی سہولت سے مالی بچت ہو۔1