بہتر سہولتوں کی فراہمی، ناظر رباط حسین محمد الشریف کی شخصی نگرانی، انتظامات پر عازمین کی دعائیں
حیدرآباد۔31 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں حج 2019 ء کے 1223 عازمین حج کو قیام کی بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف بکوتما علاقہ میں واقع رباط کی تین عمارتوں کے انتظامات کا شخصی طور پر جائزہ لے رہے ہیں ۔ سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے تمام عازمین حج جن کا رباط میں قیام کیلئے انتخاب عمل میں آیا ، وہ پہنچ چکے ہیں اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ رباط کی تینوں عمارتیں اسٹار سہولتوں کے ساتھ مکمل ایرکنڈیشنڈ ہیں اور ناظر رباط نے عازمین حج کی بہتر سے بہتر خدمت کا کوئی موقع نہیں گنوایا ہے۔ عازمین کی آمد کے بعد حسین محمد الشریف نے شخصی طورپر ہر عازم سے فرداً فرداً ملاقات کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ وہ وقفہ وقفہ سے رباط کی عمارتوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کے سلسلہ میں ماتحت اسٹاف کو ہدایات دے رہے ہیں ۔ عازمین حج نے رباط کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حسین محمد الشریف کو دعاؤں سے نوازا۔ عازمین حج سے حسین محمد الشریف نے خواہش کی کہ نواب میر برکت علی خاں کی درازی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کریں، جن کے سبب حیدرآبادی رباط میں عازمین کا مفت قیام یقینی ہوا ہے۔ حسین محمد الشریف نے بتایا کہ تمام عازمین حج کو ہر فلور پر پکوان کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اسٹو اور گیس کے علاوہ تازہ ترکاریوں کا روزانہ انتظام رہے گا۔ یہ ترکاریاں مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ ہر فلور پر عازمین حج کے لئے زم زم اور وائی فائی کی سہولت دی گئی ہے۔ حرم کو آمد و رفت کے لئے 24 گھنٹے بس کی سہولت رہے گی۔
ناظر رباط کی جانب سے عازمین کو مقامات مقدسہ جیسے منیٰ ، عرفات ، مزدلفہ ، غار حرا ، غار ثور اور جنت المعلیٰ کی زیارت کرائی جائے گی ۔ واشنگ اور آئرن کے علاوہ لانڈری کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ تینوں عمارتوں کے 279 وسیع و عریض کمروں میں اللہ کے مہمانوں کے قیام کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے کہا کہ وہ عازمین کی خدمت کو اپنے لئے خوش قسمتی تصور کرتے ہیں۔ تینوں عمارتوں میں علی الترتیب 383 ، 420 اور 420 عازمین کے قیام کی گنجائش موجود ہے۔ یہ عمارتیں حرم شریف سے دیڑھ کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے ۔ سابق ریاست حیدرآباد کے تمام اضلاع کے عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ۔ تلنگانہ کے 31 اضلاع کے علاوہ کرناٹک کے بیدر ، گلبرگہ ، رائچور اور یادگیر اضلاع کے علاوہ مہاراشٹرا کے 8 اضلاع عثمان آباد ، اورنگ آباد ، بیڑ ، ناندیڑ ، پربھنی ، لاتور ، ہنگولی اور جالنہ کے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ۔ حسین شریف نے بتایا کہ وہ گزشتہ 23 برسوں سے ناظر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ سال 1278 حجاج کرام کے رباط میں قیام سے 6 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی اور جاریہ سال توقع ہے کہ 7 تا 8 کروڑ روپئے کی بچت ہوگی۔ 1996 ء تا 2018 ء تک حیدرآبادی رباط میں عمرہ اور حج کے ایک لاکھ 3 ہزار 603 عازمین کی خدمت کی گئی ہے۔ رباط کی عمارتوں میں ہر فلور پر نماز گاہ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ناظر رباط نے کہا کہ عازمین کی خدمات کے طویل سفر میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی رہنمائی اور سرپرستی کا بڑا دخل ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے ہر موڑ پر ان کی رہنمائی کی جس کے نتیجہ میں وہ بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
