مکہ مکرمہ کی صفائی کا آغاز،12 ہزار افراد کی خدمات

,

   

قربانی کے جانوروں اور مذبح خانوں پر خاص توجہ
جدید ترین آلات اور سازوسامان کا استعمال

گوشت کی منتقلی اور گاڑیوں کی صفائی منصوبے میں شامل

ریاض ۔سعودی عرب میں بلدیاتی اور دیہی امور کی وزارت کے صحت عامہ کے شعبے کی ہدایت کے مطابق مکہ مکرمہ اور مقامات مقدسہ میں احتیاطی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ترتیب دی گئی فیلڈ ٹیموں میں12 ہزار سے زیادہ کارکنان ماحول دست اور محفوظ مواد کے ذریعے اپنا کام انجام دے رہے ہیں۔مکہ مکرمہ میں عام صفائی کے تحت جدید ترین آلات اور ساز و سامان استعمال کیا جا رہا ہے۔ صفائی کی کارروائیوں میں کچرا اٹھانا اور کچرے کے ڈرموں اورکنٹینروں کی جراثیم کش مواد سے دھلائی اور تطہیر شامل ہے۔مکہ مکرمہ کے سکریٹریٹ میں تعلقات عامہ اور ذرائع ابلاغ کی انتظامیہ کے ڈائریکٹر رعد الشریف نے میڈیا کو مطلع کیا ہے کہ بارش وغیرہ جیسی قدرتی آفات کی صورت میں ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مرکزی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان کو بارش کا پانی نکالنے والے وسائل کے ایک ضخیم نیٹ ورک کی حمایت حاصل ہو گی۔الشریف نے مزید کہا کہ حج کے موقع پر قربانی کے لیے مذبح خانوں کی نگرانی کا منصوبہ بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ جانوروں کے ذبیحہ سے پہلے اور بعد میں ان کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مذبح خانوں میں کام کرنے والے تمام افراد کوکرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے مطلوب تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کرنا لازم ہوگا۔ ان میں خصوصی ماسک اور دستانوں کا استعمال اور ہاتھوں کو مسلسل دھونے اورصاف رکھنے کا اہتمام شامل ہے۔ اس کے علاوہ ذبیحہ میں استعمال ہونے والے آلات اورگوشت کی منتقلی کی گاڑیوں کی باریوں سے صفائی بھی لازم ہو گی۔ اس دوران کارکنان کو سماجی فاصلے کا بھی مکمل خیال رکھنا ہو گا۔الشریف نے زور دے کر ہدایت دی ہے کہ حج سیزن میں بھی بازاروں اورغذائی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کی نگرانی کے لیے مختص ٹیموں کا کام جاری رہے گا۔ ان میں ریستوران، لانڈریز اور ہیئر ڈریسنگ سیلون شامل ہیں۔
عازمین کا استقبال
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے رواں سال کے لیے عازمین حج کے استقبال کا مرکز تیار کر لیا ہے اور ساتھ ہی چار ذو الحجہ سے آٹھ ذو الحجہ تک ان کی سکونت کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ عازمین حج کے استقبال کا مرکز حرم شریف کے سامنے ایک ہوٹل میں بنایا گیا ہے۔