ناظر رباط حسین محمد الشریف سے جذباتی ملاقات، انتظامات کی ستائش اور خصوصی دعائیں
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی نظام رباط سے حجاج کرام کی مدینہ منورہ کو روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 710 حجاج کرام کے لئے رباط میں رہائش کا انتظام کیا گیا تھا۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے حجاج کرام سے ملاقات کی اور انہیں خصوصی بسوں کے ذریعہ وداع کیا۔ حجاج کرام نے رباط میں فراہم کردہ سہولتوں پر ناظر سے اظہار تشکر کیا اور دعائیں لیں۔ جناب حسین محمد الشریف نے حجاج کرام سے فرداً فرداً ملاقات کی اور مدینہ منورہ میں خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔ نظام رباط سے تاحال 450 حجاج کرام مدینہ منورہ روانہ ہوچکے ہیں۔ باقی 260 حجاج کرام کی مرحلہ وار روانگی عمل میں آئے گی۔ ناظر رباط میں حجاج کرام سے خطاب کیا اور کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو وہ اپنے لئے خوش قسمتی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال حجاج کرام کی نظام رباط میں گنجائش میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ ناظر رباط نے تیقن دیا کہ آنے والے برسوں میں مزید سہولتوں کے ساتھ حجاج کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ مدینہ روانگی سے قبل حجاج کرام نے ناظر سے جذباتی ملاقات کی اور رباط میں فراہم کردہ سہولتوں کی ستائش کی۔ حجاج کرام کا کہنا تھا کہ رباط کے لئے جس عمارت کا انتخاب کیا گیا وہ تمام سہولتوں سے لیس ہے۔ انہوں نے ناظر رباط اور ان کے والد جناب محمد شریف مرحوم کو دعائیں دیں۔ جناب حسین محمد الشریف کے مطابق تلنگانہ کے 33، مہاراشٹرا 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام نے رباط میں قیام کیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا اور تلنگانہ حج کمیٹی سے اشتراک کے ذریعہ ناظر نے رباط میں بہترین سہولتیں فراہم کیں اور حجاج کی خدمت کے لئے متحرک عملہ کے تعینات کیا تھا۔ وہ وقتاً فوقتاً رباط کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ مکہ مکرمہ میں رباط کی مستقل عمارت نہیں ہے لہذا ہر سال علیحدہ مقامات پر عمارت کو کرائے پر حاصل کیا جاتا ہے۔ رباط کی عمارت سے قریب بس اسٹانڈ اور ہاسپٹل کی سہولت موجود ہے۔ کچن میں گیس سلینڈر کی سہولت فراہم کی گئی تاکہ حجاج کرام پکوان کرسکیں۔ رباط میں قیام کرنے والے حجاج کو تقریباً 40 تا 50 ہزار روپے کی بچت ہوگی اور یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا واپس کرے گی۔ رباط میں قیام کے لئے حجاج کرام کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ 1