حیدرآباد : 4 فبروری ( سیاست نیوز ) حج 2026ء میں مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کیلئے عازمین کا کل 5فبروری کو قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ تاریخی چومحلہ پیالیس خلوت میں شام 5بجے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعہ 695 عازمین حج کا انتخاب کیا جائے گا جنہیں مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کی مفت سہولت رہے گی ۔ رباط میں قیام سے عازمین کو فی کس 45 تا 50 ہزار روپئے کی بچت ہوسکتی ہے ۔ قرعہ اندازی کے موقع پر وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین ، صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ اور ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف موجود رہیں گے ۔ جناب حسین محمد الشریف قرعہ اندازی تقریب میں شرکت کیلئے بطور خاص سعودی عرب سے حیدرآباد پہنچے ۔ رباط میں سابق ریاست حیدرآباد کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ تلنگانہ کے 33 ، مہاراشٹرا 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین کے کور نمبرس کو قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ قرعہ اندازی میں 7ہزار عازمین شامل ہیں جن میں سے 695 کا انتخاب عمل میں آئے گا ۔ نظام رباط میں ہر سال عازمین کیلئے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ جناب حسین محمد الشریف ہرسال عازمین کی تعداد میں اضافہ کی مساعی کررہے ہیں تاکہ سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین حج کے سفری اخراجات کم ہوں ۔1