تلنگانہ حج کمیٹی بے بس، عازمین نے ویڈیوز وائرل کئے، حج مشن اور کونسلیٹ توجہ دیں
حیدرآباد ۔ 31۔ مئی (سیاست نیوز) حج 2024 کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو مکہ مکرمہ کی 4 عمارتوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی کے سبب مشکلات کا سامنا ہے ۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچ رہے ہیں۔ حرم شریف سے تقریباً 7 کیلو میٹر دور عزیزیہ کے علاقہ میں ہندوستانی عازمین حج کے قیام کیلئے عمارتوں کا انتخاب کیا گیا ۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین کو الاٹ کردہ عمارتوں میں 4 عمارتیں انتہائی خستہ ہیں اور ان میں بنیادی سہولتوں کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ عازمین حج اور ان کے ساتھ موجود خادم الحجاج نے بلڈنگ نمبرس 350 ، 352 ، 127 اور 81 میں عازمین حج کو درپیش مشکلات سے تلنگانہ حج کمیٹی کے ذمہ داروں کو واقف کرایا ہے ۔ مذکورہ عمارتوں میں مقیم عازمین نے ویڈیو کلپس تیار کئے جس میں خستہ عمارت ، الیکٹریکل اور سنیٹری فٹنگس کی ابتر حالت ، باتھ روم اور کچن میں گندگی اور پانی کی عدم سربراہی ، صاف پینے کے پانی کی عدم سربراہی ، ایرکنڈیشنڈ اور ایگزاسٹ فیانس کی عدم کارکردگی جیسے مسائل پیش کئے گئے ۔ عازمین حج نے حج کمیٹی اور انڈین حج مشن کے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا کہ کسی نے مسائل کی یکسوئی پر توجہ نہیں دی ہے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے مسائل کے معاملہ میں بے بس دکھائی دے رہی ہے کیونکہ حج مشن اور ہندوستانی کونسلیٹ میں حیدرآباد کے عہدیداروں کی کوئی سماعت نہیں ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے حج کمیٹی آف انڈیا ، جدہ میں ہندوستانی کونسلیٹ اور مرکزی وزارت اقلیتی امور کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عازمین حج کی دشواریوں سے واقف کرایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے عازمین حج مقامی حکام کو توجہ دلا رہے ہیں لیکن صرف زبانی ہمدردی کے سوا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ بلڈنگ نمبر 127 کے عازمین حج کی شکایت ہے کہ انہیں باتھ روم کے نل سے آنے والے پانی کو پینے کے لئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ عمارت میں جگہ جگہ گندگی اور کیڑے مکوڑے عازمین کی نیند میں خلل پیدا کر رہے ہیں۔ عمارتوں میں موجود مسائل خاص طور پر پانی کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں عازمین عبادات کے لئے حرم شریف جانے سے قاصر ہیں۔ اسی دوران اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس نے چاروں عمارتوں کے عازمین کی دشواریوں کے بارے میں ہندوستانی کونسلیٹ کو واقف کرایا ۔ انہوں نے عمارتوں کی تبدیلی یا پھر سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ہر سال حج سیزن کے آغاز سے قبل ہندوستانی عازمین ، عمارتوں کے تعین کے لئے عہدیداروں پر مشتمل بلڈنگ سلیکشن کمیٹی دو مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کرتی ہے۔ کمیٹی میں حج کمیٹی آف انڈیا اور وزارت اقلیتی امور کے عہدیدار ہوتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عمارتوں کے مالکین سے ملی بھگت کے باعث بہتر سہولتوں کے بجائے ناقص اور خستہ عمارتوں کا انتخاب کیا گیا جس کے نتیجہ میں عازمین پریشان ہیں۔ 1