مکہ میں آتشزدگی ، 8 پاکستانی زائرین جاں بحق

   

مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے مذہبی مقدس شہر مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجہ میں8 پاکستانی عمر زائرین ہلاک جبکہ 6 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستان دفتر خارجہ نے 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ اس ضمن میں مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ کی شاہراہ ابراہیم خلیل پر واقع ہوٹل کی تیسری منزل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا، جس میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 8 عمرہ زائرین ہلاک ہوئے۔ بعض اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے بیشتر افراد آپس میں قریبی رشتہ دار تھے اور عمرہ کی خاطر سعودی عرب پہنچے تھے۔ اس بارے میں سعودی حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا تھا جس میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی تصدیق ہو گئی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مرد اور خواتین شامل ہیں۔ ہلاک شدگان کا تعلق پاکستان کے علاقہ قصور اور بورے والا، وہاڑی سے بتایا جا رہا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کے حکام اس واقعہ کے بعد سعودی حکام سے رابطہ میں ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ کچھ افراد کی لاشیں آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہو گئی ہیں اس لیے ان کا ڈی این اے کروایا جاسکتا ہے۔