مکہ میں تاحال 90 ہندوستانی حجاج جاں بحق

   

تمام کی وہیں تدفین عمل میں آئے گی: چیئرپرسن دہلی حج کمیٹی
ریاض : مکہ مکرمہ میں حج 2024 مکمل ہو چکا ہے لیکن اب تک گرمی کی شدت سے کم و بیش 900 عازمین حج جاں بحق ہوگئے ہیں۔عازمین حج کی سہولت کیلئے مقامی انتظامیہ نے بھرپور تعاون کیا لیکن اموات کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ رواں سال حج کے دوران تقریباً 90 ہندوستانی عازمین حج جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ان سبھی کی تجہیز و تکفین مکہ مکرمہ میں ہی ہوگی یعنی ایک بھی جسد خاکی ہندوستان واپس نہیں آئے گا۔دراصل حج کیلئے روانہ ہونے سے پہلے ہی عازمین حج اور ان کے رشتہ دار یہ طے کر لیتے ہیں کہ اگر مکہ میں انتقال ہوا تو پھر اسی پاکیزہ مٹی میں تدفین ہو۔ اس تعلق سے دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے ایک میڈیا ادارہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مکہ میں جن ہندوستانی عازمین حج کا انتقال ہوا ہے انھیں ہندوستان نہیں لایا جائے گا۔ ان کی تدفین وہیں عمل میں آئے گی۔ اس پورے عمل کیلئے ان کے ساتھ گئے اہل خانہ سے اجازت نامہ فارم بھروایا جائے گا۔کوثر جہاں نے اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ انتہائی پاکیزہ شہر ہے۔مسلمانوں میںمکہ اور مدینہ کو لے کر یہ سوچ رہتی ہے کہ یہاں کی مٹی میں دفن ہونا ان کے لیے خوش قسمتی ہے۔