مکہ مکرمہ، 6 جون (یو این آئی) اہل مکہ آج ’یوم ال خلیف‘ منا رہے ہیں۔ اس کو حرم میں خواتین کا دن بھی کہا جاتا ہے۔ خواتین اور بچے یہ دن منانے مسجد الحرام کا رخ کرتے ہیں۔ عربی میں یوم الخلیف کے معنیٰ خالی دن کے ہیں اور اس کو منانے کی روایت بہت قدیم ہے ۔ یہ دن اس لیے منایا جاتا ہے کہ جب حجاج کرام مناسک حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ کی وادی کا رخ کرتے ہیں، یوم عرفہ پر حاجی مغرب تک میدان عرفات میں ہوتے ہیں اور پھر مزدلفہ میں رات بھر عبادت کرتے ہیں، ایسے موقع پر مکہ بالخصوص مسجد الحرام جو سارا سال لاکھوں زائرین سے بھری رہتی ہے وہاںکا ماحول خالی خالی ہوجاتا ہے ۔ مسلمانوں کا قبلہ اور دنیا کی سب سے بابرکت مسجد کبھی خالی نہ رہے ، اس لیے مکہ مکرمہ کے ارد گرد آباد قبائل کی خواتین اور بچے مسجد الحرام کا رُخ کرتے ہیں تاکہ بیت اللہ کے طواف میں کسی بھی قسم کا تعطل نہ آئے ۔ یوم عرفہ پر سیاہ کپڑوں میں ملبوس ہزاروں خواتین مسجد الحرام آتی ہیں اور عبادات میں مصروف ہو جاتی ہیں۔
کوئی طواف کعبہ کرنے اور کوئی دعا اور مناجات میں مصروف ہوتی ہیں۔ یہ خواتین ٹولیوں کی شکل میں مسجد الحرام میں نماز بھی ادا کرتی ہیں۔