مکہ میں ’کرایہ معافی‘کیلئے مہم شروع

,

   

ریاض۔16مئی ( سیاست ڈاٹ کام )مکہ مکرمہ کے محلوں کے کونسلروں نے کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ صورتحال کے باعث مکانات اور دکانوں کے مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کرایہ داروں کے ساتھ نرمی کریں۔کونسلروں نے مہم شروع کی ہے جس کے تحت مالکان کو ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ ایک مہینے کا کرایہ معاف کریں اور مجموعی کرائے میں کمی کریں۔میڈیا کے مطابق کونسلروں نے کہا ہے کہ ’رمضان المبارک کے اس مہینے میں نیکیوں کا ثواب کئی گنا زیادہ ملتا ہے، ہم مکانات کے مالکان کو ترغیب دیتے ہیں کہ نیکیوں کے اس موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرائے داروں کے ساتھ نرمی کریں‘۔النوریہ محلے کے کونسلر ابراہیم بن نصار المغامسی نے کہا ہے کہ ’اپنے محلے کی حدود میں واقع تمام مکانات کے مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ کرایہ داروں کا ایک مہینہ معاف کریں، ماہ مبارک میں یہ نیکی ضائع نہیں جائے گی‘۔الہنداویہ محلے کے کونسلر بدر محمد القرنی نے کہا ہے کہ ’کونسلر کے دفتر کی طرف سے تمام مالکان کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے کہ وہ اس عالمی وبا سے متاثر ہونے والے افراد کے ساتھ نرمی کریں، مکانات کے مالکان کے ساتھ دکانوں کے مالکان سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کرایہ داروں کے ساتھ نرمی کرتے ہوئے ایک مہینے کا کرایہ معاف کریں‘۔المعابدہ محلے کے کونسلر عبد اللہ القرشی نے بتایا ہے کہ ’کونسلروں کی طرف سے شروع کی گئی مہم میں ہر محلے کا کونسلر اپنے محلے کی حدود میں واقع مکانات اور دکانوں کے مالکان سے ملاقاتیں کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، ہماری اپیل ہے کہ وبا کی وجہ سے کرایہ داروں کے ساتھ نرمی کرتے ہوئے اپنی بساط کے مطابق جتنا کرایہ معاف کیا جاسکتا ہے، معاف کریں‘۔الفیحا محلے کے کونسلر فواد الرویثی نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے کئی دکانوں میں کاروبار نہیں ہورہا، کئی کرایہ دار گھروں میں بیٹھے ہیں، کئی ایسے ہیں جنہیں تنخواہیں نہیں مل رہیں، ایسی صورتحال میں مکانات اور دکانوں کے مالکان سے اپیل کی جارہی ہے کہ کرائے معاف کیے جائیں‘۔