ریاض : سعودی عرب میں مکہ کلاک رائل ٹاور میں فیر ماؤنٹ ہوٹل کے سی ای او کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں رہنے والے عازمین حج اور عمرہ زائرین آئندہ رمضان 2023 سے بچوں کی دیکھ بھال کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ عبدالعزیز الموسا نے عرب نیوز کو بتایا کہ فیئر ماؤنٹ ہوٹل عازمین حج اور عمرہ زائرین کے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک نرسری بنائے گا۔عبدالعزیز الموسا نے کہا کہ ’پہلا مرحلہ اگلے سال شروع کیا جائے گا۔ ہوٹل میں 150 بچوں کی دیکھ بھال کی گنجائش ہو گی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’دوسرا مرحلہ 2024 کے وسط میں شروع کیا جائے گا جب اس کی گنجائش 300 سے 500 بچوں تک بڑھ جائے گی۔‘ عبدالعزیز الموسی نے کہا کہ ’اس انیشیٹو کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے عازمین حج اور عمرہ زائرین اطمینان سے عبادت کر سکیں گے اور انہیں علم ہو گا کہ ان کے بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ بچوں کو مقدس شہر مکہ اور چھوٹی عمر میں اسلامی رسومات کے بارے میں بصیرت فراہم کرے گا جو ان کو مذہبی بنیاد فراہم کرے گا۔‘نرسری میں بچوں کا خیال رکھا جائے گا اور انہیں ان رسومات کے بارے میں بھی تعلیم دی جائے گی جو ان کے والدین انجام دے رہے تھے۔