مکیش امبانی‘ لگاتار 12 ویں سال بھی دولتمند ترین ہندوستانی

,

   

گوتم اڈانی کی اونچی چھلانگ،دوسرا مقام حاصل، عظیم پریم جی دوسرے مقام سے 17ویں مقام پر پہنچ گئے

نیویارک۔/12 اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی دولتمند افراد سے متعلق فوربس کی فہرست میں صنعت کار مکیش امبانی لگاتار 12 ویں سال پہلے مقام پر رہے۔ ایک اور صنعت کار گوتم اڈانی حیرت انگیز طور پر اونچی چھلانگ کے ساتھ آٹھ پائیدان اوپر اُٹھتے ہوئے دوسرے مقام پر پہنچ گئے۔ اس طرح مکیش امبانی کے بعد اب وہ دوسرے دولتمند ہندوستانی بن گئے ہیں۔ لیکن ایک انتہائی فراخدل مخیر شخصیت عظیم پریم جی جو گذشتہ سال اس فہرست میں دوسرے مقام پر تھے اب 17 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ امریکی ہیوسٹن شہر میں فوربس کے مطابق بالخصوص گوتم اڈانی کی حیرت انگیز اونچی چھلانگ انتہائی متاثر کن رہی۔ 62 سالہ مکیش امبانی کی مجموعی دولت 51.4 بلین امریکی ڈالر( 3.7 لاکھ کروڑ روپئے ) ہے اس طرح مکیش دیگر امیر ترین ہندوستانیوں سے کہیں زیادہ آگے ہیں۔ دوسرے امیر ترین ہندوستانی گوتم اڈانی کی دولت 15.7 بلین امریکی ڈالر ہے۔ 100 دولتمند ہندوستانیوں کی فوربس فہرست میں شامل ہیں ۔ ہندوجا برادرس پلون جی متری، اوم کوٹاک، شیوناڈر، رادھا کشن، دمانی، گودریج فیملی، لکشمی متل، کمار برلا وغیرہ بھی شامل ہیں۔ انتہائی دولتمند 100ہندوستانیوں کی اس فہرست میں چھنئے چہروں کا اضافہ ہوا ہے۔ان میں بائجو ایڈٹیک، یونیکارن، 38 سالہ بائی بائجو رویندرن، ہلدی رام اسناکس گروپ کے منوہر لال اور مدھوسدن اگروال کے علاوہ باتھ روم فٹنگس کے جاگوار برینڈ کے مالک خاندان سے تعلق رکھنے والے راجیش مہرہ بھی شامل ہیں۔خیراتی اداروں کو انتہائی فراخدلی کے ساتھ عطیات دینے والے عظیم پریم جی کی دولت میں نمایاں کمی کے ساتھ اس فہرست میں وہ دوسرے مقام سے اُترتے ہوئے 17 ویں مقام پر پہنچ گئے۔ عظیم پریم جی نے ویپرو فاؤنڈیشن سے اپنے خیراتی فاؤنڈیشن کو 7.5 ارب امریکی ڈالر مالیتی حصص دے دیا تھا۔ جس کے بعد پریم جی کی طرف سے دیئے جانے والے خیراتی عطیات 1.5 لاکھ کروڑ روپئے تک پہنچ گئے۔