مکیش امبانی کا لندن منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں

   

Ferty9 Clinic

ممبئی ۔ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ نے جمعہ کے روز ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے صدر نشین مکیش امبانی اور ان کے ارکان خاندان کا لندن منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہی نہیں بلکہ مکیش امبانی دنیا کے کسی بھی ملک میں منتقل ہونا نہیں چاہتے۔ یہ وضاحتی بیان اس لئے جاری کرنا پڑا کیونکہ حالیہ دنوں میں میڈیا میں یہ خبریں گشت کررہی تھیں کہ مکیش امبانی اور ان کے ارکان خاندان اب اپنا زیادہ تر وقت ہندوستان کے علاوہ برطانیہ میں گذاریں گے۔ ان خبروں کو تقویت اس وقت ملی جب یہ بات سامنے آئی کہ لندن کے اسٹوک پارک میں واقع مکیش امبانی کی 300 ایکڑ اراضی پر موجود جائیداد کی تزئین نو کی جارہی ہے اور اس میں مختلف سہولیات جیسے ایک مکمل ہاسپٹل بھی فراہم کئے جائیں گے جس سے یہ اندازہ لگانے میں میڈیا نے کوئی غلطی نہیں کی کہ مکیش امبانی اب لندن کو اپنی کلیدی رہائش گاہ بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ مکیش امبانی کی کمپنی نے حال ہی میں اسٹوک پارک جائیداد خریدی تھی۔