ریاض ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ریلائنس انڈسٹریز کے صدرنشین مکیش امبانی نے سعودی میں آرامکو کے سی ای او امین ناصر سے ملاقات کی۔ سعودی عرب کی اس قومی تیل کمپنی نے یہ اطلاع دی۔ ایک ٹوئیٹ کرکے کمپنی نے بتایا کہ ریلائنس انڈسٹریز کے صدرنشین مکیش امبانی نے امین ناصر سے ملاقات کرتے ہوئے خام تیل سے کیمیکلز اور نان ۔ میٹالک سے متعلق سیر حاصل گفتگو کرکے ان کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کی۔ یاد رہیکہ گجرات کے شہر جام نگر میں ریلائنس دو ریفائنریز چلاتا ہے جس کی سالانہ گنجائش 68.2 ملین ٹن ہے جبکہ اس کا منصوبہ ہیکہ صرف SEZ کیلئے برآمد کرنے کی گنجائش کو موجودہ 35.2 ملین سالانہ سے بڑھا کر 41 ملین ٹن کردیا جائے تاہم سعودی عرب میں ریفائنری قائم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے سعودی کی آرامکو دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی ہے۔