مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی پر شاہ خرچی

   

محمد ریاض احمد
ہمارے ملک کی آبادی 140 کروڑ ہے ان میں سے خود مودی حکومت کا دعویٰ ہے کہ 80 کروڑ لوگو ں کو وہ ماہانہ مفت راشن فراہم کرتی ہے، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہمارے وطنِ عزیز میں ہنوز 80 کروڑ عوام خطِ غربت سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں۔ہنگر انڈکس ( بھوک و فاقہ ) کے عشاریہ میں عالمی سطح پر 125 ملکوں میں ہندوستان 111 ویں مقام پر کھڑا ہے۔ 2022 میں ہم 107 ویں مقام پر تھے، بیروزگاری کی شرح جون 2024 تک 9-2 فیصد رہی جبکہ 2008 میں یہ صرف 5-4 فیصد تھی۔ 29 مئی کو MINT میں ایک رپورٹ شائع ہوئی جس میںCMIE ( سنٹر فار مانیٹرنگ دی انڈین اکنامی ) کے تازہ ترین ڈیٹا کے حوالے سے ڈاکٹر کوشک باسو سابق مشیر اعلیٰ برائے اقتصادیات نے بتایا کہ دنیا کے نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہندوستانی نوجوانوں میں 45.4 فیصد کی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ۔
دوسری طرف ملک میں خواتین اور لڑکیاں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کے مطابق سال 2022 میں ملک کے طول و عرض میں عصمت ریزی کے یومیہ اوسطاً 90 واقعات پیش آئے تاہم حقیقی اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ ہوسکتے ہیں کیونکہ ریپ کے اکثر واقعات میں بدنامی اور انتقامی کارروائی کے خوف سے پولیس میں شکایت درج نہیں کرائی جاتی جبکہ اس طرح کے واقعات میں اگر خاطی بااثر مذہبی شخص یا سیاستداں ہوتا ہے تو اسے ہر سطح پر بچانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جاتی۔ دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں ایسے شرمناک واقعات پیش آچکے ہیں جن میں 6 سال، 9 سال کی لڑکیوں سے لیکر 70 سال کی بوڑھیوں کو بھی درندوں نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا جبکہ بیٹی ’ بچاؤ۔ بیٹی پڑھاؤ‘ کا نعرہ دینے والے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں خواتین پر ہورہے مظالم کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ30 جولائی کو ’ دی ہندو‘ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ شائع کی جس میں پارلیمنٹ میں حکومت کے بیان اور ڈیٹا کے حوالے سے بتایا گیا کہ 2019 اور 2021 کے درمیان تین برسوں کے دوران ملک میں13.13 لاکھ لڑکیاں اور خواتین لاپتہ ہوگئیں‘ اس معاملہ میں مدھیہ پردیش کو سرِفہرست بتایا گیا گیا جہاں سے دو لاکھ سے زائد خواتین و لڑکیاں لاپتہ ہوئیں‘ دوسرے نمبر پر مغربی بنگال رہا۔مرکزی وزارتِ داخلہ کے ڈیٹا کے مطابق جو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا 10,61,648 خواتین جن کی عمریں 18 سال سے زائد تھیں اور 18 سال سے کم عمر کی 2,51,430 لڑکیاں2019 اور 2021 کے درمیان لاپتہ ہوگئیں۔ اسی مدت کے دوران قومی دارالحکومت دہلی سے61,054 خواتین اور 22919 لڑکیاں لاپتہ ہوئیں جبکہ جموں و کشمیر سے لاپتہ ہونے والی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد باالترتیب8617 اور 1148 رہی۔ میڈیا رپورٹس میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی آبائی ریاست گجرات کے بارے میں یہ دل دہلادینے والا انکشاف کیا گیا کہ صرف گجرات سے 4 کھ سے زائد لڑکیاں لاپتہ ہیں۔
ملک میں اگر صحت عامہ کے شعبہ پر نظر ڈالیں تو140 کروڑ کی آبادی والے ہمارے ملک میں مریضوں اور ڈاکٹروں کا تناسب 1;834 ہے یعنی 834 مریضوںکیلئے ایک ڈاکٹر خدمات انجام دیتا ہے جبکہ کیوبا جیسے ملک میں 1000 مریضوں کیلئے8.4 ڈاکٹرس ہمارے ملک میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ آپ نے اکثر یہ بھی سنا ہوگا کہ کوئی بھوکا اپنی بھوک مٹانے کیلئے روٹی چوری کرتا ہے تو اسے مار مار کر ہلاک کردیا جاتا ہے۔ کورونا وباء کے دوران مودی جی نے قومی ٹی وی پر رات اچانک نمودار ہوتے ہوئے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا، اس دوران بھی ملک کی کچی پکی سڑکوں پر کئی ایسے دردناک اور عبرت انگیز مناظر دیکھے گئے جس سے انسانیت شرمسار ہوکر رہ گئی، خود دارالحکومت دہلی میں کئی ایک شاہراہوں پر کسی ٹرک کی زد میں آکر مرنے والے کتے کا گوشت ایک شخص کھاتا دیکھا گیا، ہوسکتا ہے کہ وہ پاگل تھا لیکن کبھی حکومت نے یہ سوچا کہ وہ آخر پاگل کیوں ہوا ؟ کیا اس کے پاگل پن کی وجہ بھوک تو نہیں تھی؟ ۔ بہرحال ہمارے ملک میں سرکاری اسپتالوں کی تعداد جتنی ہونی چاہیئے نہیں ہے، غربت اور غریبوں کا برا حال ہے، کروڑہا لوگ خالی پیٹ سڑکوں کے کنارے پُلوں کے نیچے گندگی میں سوجاتے ہیں۔ دوسری طرف ہمارے ملک میں متمول تاجرین، صنعت کاروں، سیاستدانوں، فلم اداکاروں اور اعلیٰ بیوروکریٹس کے بیٹے، بیٹیوں کی شادیوں کی تقاریب کو دیکھیں تو یہ کہہ ہی نہیں سکتے کہ ہمارا ملک غریب ہے تیسری دنیا سے تعلق رکھتا ہے۔ ملک کے کئی ایسے علاقے ہیں جہاں دلت خواتین کو سزاء کے طور پر برہنہ پریڈکرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
ان تمام دردناک حالات میں ریلائنس انڈسٹریز کے مالک اور ایشیاء کے دولت مند ترین صنعت کار مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے دنیا بھر میں چرچے ہیں، وہ اس شادی پر کروڑہا ڈالرس خرچ کررہے ہیں۔ Reditl پر ایک پوسٹ میں یہ انکشاف کیا گیا کہ اس شادی پر5000 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے جو کہ مکیش امبانی کی دولت کا 0.5 فیصد حصہ بنتا ہے۔ صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے اس شادی پر1000-2000 کروڑ روپئے خر چ کی توقع کی تھی اور ہوسکتا ہے کہ یہ شادی بھی ایک سرمایہ کاری ہو۔
عالمی سطح پر دولت مندوں کی فہرست میں مکیش امبانی کا 11 واں نمبر ہے۔ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا جو رقعہ یا دعوت نامہ تیار کیا گیا ہے میڈیا رپورٹس میں اس کی قیمت 7-6 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ آپ کو بتادیں کہ جاریہ سال یکم مارچ سے بحرہ روم اور بحرہ روم سے پھر ممبئی میں پُرتعیش دعوتوں کا اہتمام کیا گیا۔ بحرہ روم کے قریب ایک کروز میں پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا بھر کی مشہور و معروف شخصیتوں نے شرکت کی۔ 1985 میں مکیش امبانی کی نیتا امبانی سے شادی ہوئی اور اس جوڑے کو دو بیٹے آکاش امبانی اور اننت امبانی اور ایک بیٹی ایشا ہے۔ مکیش امبانی کے بارے میں ایک بات بتانا ضروری ہوگا کہ آج وہ ممبئی کی ایک27 منزلہ پُرتعیش عمارت میں مقیم ہیں جس کی مالیت1.15 ارب ڈالرس بتائی جاتی ہے جس کے مینٹننس کیلئے 600 ارکان عملہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ عمارت پر تین ہیلی پیاڈس ،160 کار گیاریج، خانگی مووی تھیٹر، سوئمنگ پول اور فٹنس سنٹر کی سہولت موجود ہے۔
ANTILIA جس اراضی پر تعمیر کی گئی اس کے بارے میں یہی کہا جاتا ہے کہ وہ اوقافی اراضی تھی لیکن سیاسی دباؤ ، بدعنوانی، ملت فروشی کے نتیجہ میں اس کی موقوفہ شناخت مٹا کر رکھ دی گئی‘ پہلے یہ موقوفہ یتیم خانہ ہوا کرتا تھا۔ بہرحال ! ہم بات کررہے تھے اننت امبانی کی شادی میں کئے جانے والے مصارف کی۔ اس بارے میں بتادیں کہ 12 جولائی کو یہ شادی جیو ورلڈ کنونشن سنٹر میں منعقد ہوئی۔ اس سنٹر میں 16 ہزار مہمانوں کی گنجائش ہے جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی ضیافت کیلئے 100 سے زائد ماہرین پکوان کی خدمات حاصل کی گئیں جنہوں نے ہندوستانی اور یوروپی ڈشیس تیار کیں۔ اسی طرح مہمان کو لانے اور لے جانے کیلئے تین فالکن2000 جیٹس اور 100 خانگی طیارے استعمال کئے گئے۔12 جولائی ہی سے جیو ورلڈ کنونشن سنٹر کے اطراف واکناف ٹریفک تحدیدات عائد کردی گئی تھیں جس کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا۔ جیسا کہ ہم نے سطورِ بالا میں کہا ہے کہ پچھلے کئی ہفتوں کے دوران شادی کی کئی ایک تقاریب جاری ہیں جس میں Rehanna نے موسیقی ریز پروگرام پیش کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسے 70 لاکھ ڈالرس فیس دی گئی۔JUSTIN Bieber کو پرفارم کرنے کیلئے ایک کروڑ ڈالر دیئے گئے۔ غرض ہالی ووڈ ، بالی ووڈ کے اداکاروں نے خوب دھوم مچائی اور مکیش امبانی کی شاہ خرچیوں کا پورا پورا فائدہ اُٹھایا۔ ڈیوڈ بیکھم، ان کی اہلیہ وکٹوریہ، بل گیٹس، ہیلاری کلنٹن، سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے یہودی داماد جیسرڈ کشنران کی بیوی ایوانکا ٹرمپ، کارلی کلاس، مارکدکربرگ، امیتابھ بچن، شاہ رخ خان ، عامر خان، سلمان خان کے بشمول مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس نے بھی شادی اور اس سے جڑی تقاریب میں شرکت کی۔
آپ کو بتادیں کہ مکیش امبانی 124.2 ارب ڈالرس (10.21 لاکھ کروڑ ہندوستانی روپیوں کے مالک ہیں ) ڈی این اے کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر مکیش امبانی یومیہ 3 کروڑ روپئے خرچ کریں یا عطیہ دیتے رہیں تو3,40,379 دنوں ( 932 سال 6 ماہ ) میں ان کی دولت ختم ہوگی۔ انہوں نے اپنے بیٹے کی شادی پر ناقابل تصور شاہ خرچی کرکے غریب ، بھوکے، بیروزگار، بیمار ہندوستانیوں کے زخموں پر ایک طرح سے نمک چھڑکا ہے، یہ اور بات ہے کہ نوی ممبئی میں 50 غریب جوڑوں کی شادیاں کروائیں اور اس کی زبردست تشہیر کی گئی تاہم دھرو راٹھی جیسے یو ٹیوبرس اور دوسرے جہد کاروں نے مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی پر کروڑہا روپئے خرچ کئے جانے پر شدید تنقید کی۔ ان لوگوں کا الزام بلکہ دعویٰ ہے کہ مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی مکیش نے نہیں بلکہ جیو کے 480 ملین صارفین نے کی کیونکہ جیو نے 25 فیصد تک ریچارج ریٹس یا ریچارج پلان کی قیمت بڑھا دی ہے۔ مکیش امبانی کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی ایشیا امبانی کی شادی جو آنند پیرامل کے ساتھ ہوئی اس پر 700 کروڑ روپئے خرچ کئے تھے جبکہ آکاش امبانی اور شلوکا مہتا کی شادی پر بھی کروڑہا روپئے خرچ کئے گئے تھے، اُسوقت شادی کے رقعہ کی قیمت 1.5 لاکھ روپئے ( یہ 2019 کی بات ہے) تھی۔