حیدرآباد۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر مکیش گوڑ کو آج اچانک طبیعت نازساز ہوجانے کے سبب شہر کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ اپالو ہاسپٹل کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مکیش گوڑ کو اس ہاسپٹل میں آج اتوار کی 9 بجے شب تشویشناک حالت میں شریک کرلیا گیا۔ انہیں انتہائی تشویشناک حالت کے سبب آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ 60 سالہ مکیش گوڑ کو کینسر کا عارضہ ہے اور اس کا علاج جاری تھا اور وہ 11 اپریل کو آخری مرتبہ عوام میں دیکھے گئے تھے۔ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر وہ ایک اسٹریچر کے ذریعہ پولنگ بوتھ پہنچے تھے۔ وہ 2010ء اور 2014ء کے درمیان مارکیٹنگ کے وزیر رہ چکے ہیں، 2014ء کے انتخابات میں انہیں بی جے پی کے موجودہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ 2018ء کے انتخابات میں بھی انہیں راجہ سنگھ کے مقابلے شکست ہوئی تھی۔ مکیش گوڑ حلقہ گوشہ محل سے آندھرا پردیش اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے۔
