ایف ٹی ایل میں تعمیر کردہ مکانات کو نہ خریدنے حیڈرا کمشنرکا مشورہ
حیدرآباد۔8 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز ) ’حیدرا‘ نے آج کی گئی کاروائی کے دوران ایسے کسی مکان کو منہدم نہیں کیا جن میں مکین موجود تھے یا جن عمارتوں میں لوگ رہ رہے تھے۔ کمشنر ’حیدرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ آئی پی ایس نے آج کی گئی کاروائیوں کے سلسلہ میں بتایا کہ تین مقامات پر آج کاروائی کی گئی ہے اور کسی بھی مقام پر ایسی تعمیرات اور عمارتوں کو منہدم نہیں کیاگیا جہاں لوگ رہ رہے ہوں بلکہ جو عمارتیں ابھی زیر تعمیرہیں انہیں اور مخلوعہ تعمیرات کو جہاں کوئی نہیں رہتا انہیں منہدم کرنے کی کاروائی کی گئی ہے۔ مسٹر اے وی رنگا ناتھ نے بتایا کہ ملم پیٹ چیروو میں 7 ولاس کو منہدم کیاگیا ہے جن میں کوئی مقیم نہیں تھا اور یہ تعمیرات وجئے لکشمی نامی خاتون کی جانب سے ایف ٹی ایل میں کی گئی تھیں اور مذکورہ خاتون ’لیڈی ڈان‘ کے نام سے شہرت رکھتی ہے اور اس کے خلاف کئی فوجداری مقدمات زیر دوراں ہیں۔سنم چیروو میں جن عمارتوں اور تعمیرا ت کو منہدم کیاگیا ہے انہیں سابق میں بھی منہدم کیاگیا تھا اور 2023 کے سروے کے دوران ان تعمیرات کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود دوبارہ تعمیر کی کوششوں کو ’حیدرا‘ نے ناکام بنایا ہے۔انہوں نے ’امین پور تالاب‘ میں کئے جانے والے قبضہ جات کے سلسلہ میں کہا کہ سابق رکن اسمبلی وائی ایس آر سی پی مسٹر کے رام بھوپل ریڈی کے قبضہ جات تھے جن میں بیشتر باؤنڈری والس اور پلاٹس موجود ہیں انہیں برخواست کرنے کی کاروائی کی گئی اور جو حد بندی کی گئی تھی اسے برخواست کیاگیا ہے۔ مسٹر اے وی رنگا ناتھ نے کہا کہ جن مکانات اور عمارتوں میں لوگ مقیم ہیں انہیں فوری طور پر منہدم کرنے سے گریز کیاجائے گا اور انہیں منہدم کرنے کے بجائے تخلیہ کے نوٹس جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ’حیدرا‘ شہر کے تالابوں کو بحال کرنے کے لئے کوشش کر رہی ہے اور عوام کو چاہئے کہ وہ ’حیدرا‘ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوںنے سرمایہ کاروں اور مکانات یا فلیٹ کی خریدی کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ایف ٹی ایل میں کی گئی تعمیرات میں فلیٹس یا مکان خریدنے سے گریز کریں اور ایف ٹی ایل یا بفر زون کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہی کسی بھی طرح کی معاملت کا حصہ بنیں۔ مسٹر اے وی رنگاناتھ نے مرلی موہن کو دی گئی نوٹس کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ’حیدرا‘ کی جانب سے انہیں ایک ہفتہ کی مہلت دیتے ہوئے ایف ٹی ایل اور بفر زون کی میں کی گئی تعمیرات کو برخواست کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں معینہ مدت کے بعد ’حیدرا‘ کی جانب سے کاروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس انہدامی کاروائی کے فیصلہ سے انہیں واقف کروایا جاچکا ہے۔3