مکی آرتھر اہم کھلاڑیوں کی فٹنس سے پریشان

   

شارجہ۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی فٹنس کا خوف ستانے لگا لہٰذا امکان ہے کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کی بہتری کیلئے ان میں سے بیشتر کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں آرام کا موقع دیا جائے گا۔مکی آرتھر نے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی کھلاڑیوں پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان میں سے کئی پی ایس ایل کے دوران زخمی ہونے کے خطرات سے دوچار ہیں۔ ہیڈ کوچ کے بموجب آگے بڑھتے ہوئے انہیں سب سے بڑی پریشانی یہ درپیش ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اہم اسٹارز ساڑھے چار ماہ سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کے نتیجے میں شاہین آفریدی اور بابر اعظم کو معمولی فٹنس مسائل درپیش ہیں جبکہ فہیم اشرف عضلات کی تکلیف میں مبتلا شاداب خان تھکاوٹ کا شکار دکھائی دے رہے ہیں لہٰذا انہیں ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے فکرمندی لاحق ہے اور ان کی خواہش ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل اہم کھلاڑیوں کو مناسب آرام کا موقع ملنا چاہئے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے پر غور کیا ہے تاکہ اہم پلیئرز کو آرام مل جائے ورنہ دوسری صورت میں ورلڈ کپ کے دوران بے پناہ کرکٹ کی وجہ سے اہم کھلاڑی زخمی بھی ہوسکتے ہیں۔