جکارتہ : انڈونیشیا میں ایک مگر مچھ کی گردن میں پانچ سال سے پھنسے ہوئے ٹائر کو بالآخر نکال لیا گیا۔ اس جانور کی مدد کرنے والے شخص کو یہ کام کرنے میں تین ہفتے لگ گئے۔ انڈونیشیا کے میڈیا میں بتایا گیا کہ چار میٹر طویل جنگلی مگر مچھ کے گلے میں 2016 سے موٹرسائیکل کا یہ ٹائر پھنسا ہوا تھا۔اس جانور کی پریشانی سب جانتے تھے۔ کئی افراد، جن میں جانوروں کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین بھی شامل تھے، نے کئی سال تک مگرمچھ کے گلے سے ٹائر نکالنے کی کوششیں کی۔ لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے۔جانوروں کو تحفظ فراہم کرنے والے کارکن 2016 سے اس مگرمچھ کو قابو کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ پالو نامی علاقے کے مقامی افراد نے انتظامیہ کو اس مگر مچھ کے بارے میں بتایا تھا۔