نئی دہلی، 14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مہاتما گاندھی اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے توڑے جانے کے واقعہ کو عظیم لوگوں کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ رات کے اندھیرے میں اس طرح کے واقعات کو انجام دینے والے لوگ بزدل ہوتے ہیں۔محترمہ واڈرا نے سنیچر کو کہاکہ اترپردیش کے جالون میں کچھ سماج دشمن عناصر نے بابا ئے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا ہے ۔ یہ بابائے قوم کی توہین ہے اور یہ بے وقوف لوگ مسلسل اس طرح کے واقعات کو انجام دے رہے ہیں لیکن ان کو سمجھ لینا چاہئے کہ ا س سے ان عظیم لوگوں کی عظمت ذرا بھی متاثر نہیں ہوگی۔انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ کچھ دن پہلے یو پی میں بابا صاحب امبیڈکر جی کے مجسمہ کو سماج دشمن عناصر نے توڑا۔ اب جالون میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو توڑاگیا۔ مجسمے توڑنے والے بزدلو زندگی میں یہ تمہاری کامیابی ہے کہ رات کے اندھیرے میں چھپ کر تم عظیم لوگوں کی توہین کرنے کی کوشش کرتے ہو؟