نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نائب صدر وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیراعظم آنجہانی لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر دونوں قائدین کو پر اثر خراج عقیدت ادا کیا۔ ان قائدین نے راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش پر پُراثر خراج عقیدت ادا کیا۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، بی جے پی کے بزرگ ایل کے اڈوانی، مرکزی وزراء پیوش گوئل، ہردیپ پوری، بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا اور دوسروں نے بھی بابائے قوم کو خراج عقیدت ادا کیا۔ وینکیا نائیڈو نے عوام کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں مہاتماگاندھی کے اصولوں پر چلنے کی ترغیب دی۔ نائب صدرجمہوریہ نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’مہاتما کو ہم چونکہ آن ان کی 150 ویں جینتی پر انتہائی تقدس و احترام کے ساتھ زندگیوں میں گاندھیائی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے زندگیوں میں انقلابی تبدیلی لائیں‘‘۔ ساری قوم مہاتما گاندھی کو انسانیت کیلئے ان کی ہمیشہ یاد رکھی جانے والی خدمات پر تشکر، ممنونیت وا حسان مندی کا اظہار کرتی ہے۔ وزیراعظم مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ہم عہد کرتے ہیں کہ ان (مہاتما) کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے اور ایک بہتر سیارہ (کرۂ ارض) بنانے کیلئے سخت محنت و جانفشانی کے ساتھ بدستور اپنا کام جاری رکھیں گے‘‘۔ گاندھی پر تیار شدہ مختصر ویڈیو میں مودی نے کہا کہ ان کا پیغام امن ساری عالمی برادری کیلئے ہنوز عصرحاضر سے ہم آہنگ ہے۔
10جن پتھ پر ہریانہ کانگریس لیڈر کا دھرنا
نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ پردیش کانگریس میں جاری اندرونی جھگڑے آج باہر نکلتے ہوئے اپنی پارٹی صدر سونیا گاندھی کی دہلیز تک پہنچ گئے۔ پردیش کانگریس کے سابق صدر اشوک تنور اور ان کے حامیوں نے 10 جن پتھ کے باہر دھرنا دیا اور اسمبلی انتخابات میں رشوت خوروں کو ٹکٹ دینے کا الزام عائد کیا۔ ان کے حامیوں نے انتظامی کمیٹی کے سربراہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا کے خلاف نعرہ بازی کی ۔
بی جے پی گاندھیائی اصولوں سے میلوں دورلیکن مہاتما سے محبت کا دعویٰ کرتے ہوئے یوم پیدائش تقریب
لکھنو ۔ 2اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے آج بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کبھی بھی مہاتماگاندھی کے راستے پر نہیںچلے صداقت ، عدم تشدد اور سماجی ہم آہنگی کو نہیں اپنایا اُن کی 150ویں یوم پیدائش تقریب منارہے ہیں ۔ وہ پارٹی کے پروگرام میں تقریر کررہے تھے جو گاندھی جینتی کے موقع پر منعقد کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بھگوا پارٹی کی سیاست کا ایک حصہ غلط کاریوں کیلئے وقف کردیا گیا ہے ۔ بی جے پی اور اس کے ارکان گاندھیائی اصولوںسے میلوں فاصلے پر ہے انہوں نے کبھی سچائی کا راستہ نہیں اپنایا اور بابائے قوم سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں ۔ انہیں تشدد پر یقین ہے لیکن وہ عدم تشدد کے علم بردار کی سالگرہ منارہے ہیں ۔