مسافروں کو مشکلات ، بیت الخلاؤں میں عدم صفائی اور زائد رقم کی وصولی
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر ( سیاست نیوز) براعظم ایشیاء کے سب سے بڑے بس اسٹانڈ ( مہاتما گاندھی) میں بنیادی سہولتیں یعنی عوامی بیت الخلاؤں کا انتظام و انصرام مسافرین کیلئے پریشان کن ہوتا جارہا ہے کیونکہ یہاں پر مسافرین سے غیرقانونی طور پر چارجس وصول کر کے نامناسب کمائی کی جارہی ہے ۔ دراصل اس بس اسٹانڈ میں سات مقامات پر واش رومس تعمیر کر کے آر ٹی سی افسران ان واش رومس کی ذمہ داری کنٹراکٹر کے حوالے کر کے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ، حالانکہ اس معاملہ میں افسران کی نگرانی کی ضرورت ہے اور افسران کی عدم نگرانی کی آڑ میں گتہ دار من مانی کررہے ہیں ۔ واضح ہو کہ اس بس اسٹانڈ سے نہ صرف ریاست کے کونے کونے سے بلکہ پڑوسی ریاستیں آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، ٹاملناڈو وغیرہ کیلئے 4ہزار سے زائد بسیں چلائی جاتی ہیں اور روزانہ ایک لاکھ سے زائد مسافرین سفر کرتے ہیں اور مسافرین قبل از آغاز سفر حوائج انسانیہ سے فراغت کیلئے جلد بازی میں واش رومس کو جاتے ہیں وہاں موجود عملہ مسافرین سے زائد رقم وصول کرتا ہے ۔ حالانکہ قانون کے مطابق کوئی بھی شخص 5روپئے ادا کر کے بیت الخلاء جاکر اپنی ضرورت سے فارغ ہوسکتا ہے مگر یہاں پر تو صرف پیشاب کیلئے جانے والے مسافرین سے بھی 10روپئے وصول کئے جارہے ہیں اور اگر کوئی مسافر اس غیر قانونی وصولی پر سوال کرتا ہے تو اس کے ساتھ واش روم کا عملہ ظالمانہ انداز سے پیش آتا ہے جس کی وجہ سے مسافرین سخت ناراض ہیں ۔