مہاتما گاندھی کو راہول گاندھی کا خراج عقیدت

   

نئی دہلی، 30 جنوری (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہول گاندھی نے جمعہ کے روز بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی پر 30 جنوری مارگ میں ان کے مقام شہادت پر جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر لکھا: “آج، یوم شہادت کے موقع پر، میں نے 30 جنوری مارگ پر مہاتما گاندھی کی زندگی اور قربانی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کی سچائی، ہمت اور ہمدردی کی میراث سے ہمیں رہنمائی ملتی ہے اور ہمیں ان کے ہم آہنگ اور متحد ہندوستان کے خواب کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کی ترغیب ملتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ مہاتما گاندھی ایک شخص نہیں، بلکہ ایک سوچ ہے – وہ سوچ جسے کبھی سامراج نے ، کبھی منافرت کے نظریہ نے ، اور اقتدار کے مغرور نے مٹانے کی ناکام کوشش کی ہے ۔ لیکن بابائے قوم نے آزادی کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بنیادی نعرہ دیا: اقتدار کی طاقت سے بڑی سچائی کی طاقت ہوتی ہے ، اور تشدد اور خوف سے بڑا عدم تشدد اور حوصلہ ہوتا ہے ۔

عالمی تنائو کے دور میں گاندھی جی کا پیغام انسانیت کا رہنما:منوج سنہا
جموں،30جنوری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ عالمی بے یقینی، تنازعات اور موسمیاتی بحرانوں کے اس دور میں مہاتما گاندھی کے عدم تشدد، سچائی اور انسانی وقار کے نظریات پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ گاندھی گلوبل فیملی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران منوج سنہا نے کہا کہ تاریخی مقام پر منعقد ہونے والی یہ تقریب محض ایک یادگاری اجتماع نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے لیے امن اور اُمید کی علامت ہے ۔ ان کے مطابق گاندھیائی نظریات نے نہ صرف ماضی کی نسلوں کی رہنمائی کی بلکہ آج کی دنیا کے لیے بھی یہ اصول روشنی کا مینار ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موجودہ دور شدید غیر یقینی صورتحال کا حامل ہے ، جہاں عالمی سطح پر جغرافیائی تناؤ، معاشرتی تقسیم اور اقتصادی تبدیلیاں واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حالیہ بین الاقوامی حالات کا ذکر کرتے ہوئے بھارت اور یورپی یونین کے درمیان گزشتہ دو دہائیوں سے جاری مذاکرات کے بعد 27 جنوری کو بڑے تجارتی معاہدے کی حتمی منظوری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف ملکوں کے درمیان بلکہ سماجوں اور افراد کے درمیان بھی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے ، اور حالات ایسے ہیں جیسے دنیا کسی ایسی چنگاری کی منتظر ہو جو موجودہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہو۔ منوج سنہا نے کہا، ‘اگر دنیا کے ایک کونے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہوں اور دوسری جانب موسمیاتی تبدیلی انسانی مستقبل کے لیے خطرہ بن گئی ہو، تو ایسے میں مہاتما گاندھی کی آواز حوصلہ اور سمت عطا کرتی ہے ۔’

عمر عبداللہ کا یوم شہدا کے موقع پر خراج عقیدت
سری نگر، 30 جنوری (یو این آئی) جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو یوم شہدا کے موقع پر ان شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم اور آزادی، انصاف اور جمہوریت کے نظریات کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر سول سیکرٹریٹ میں شہدا کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ آج یوم شہدا کے موقع پر وزیراعلیٰ نے ان شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم اور آزادی، انصاف اور جمہوریت کے نظریات کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔