سینکڑوں کارکنوں کی شرکت، گاندھی بھون میں جلسہ عام ، کنتیا اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی کے موقع پر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام تاریخی چارمینار کے دامن میں پروگرام منعقد کیا گیا ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے قومی پرچم لہرایا ۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر قائدین کے علاوہ سینکڑوںکی تعداد میں کارکن موجود تھے۔ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راج ، سلیم احمد ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو ، سابق وزراء محمد علی شبیر ، ایم ششی دھر ریڈی ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، جی نرنجن ، پارٹی کے اقلیتی قائدین شیخ عبداللہ سہیل ، سید نظام الدین ، سمیر ولی اللہ اور دوسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ قومی پرچم لہرانے کے بعد طلبہ نے قومی گیت گائے ۔ چارمینار سے گاندھی بھون تک شانتی پد یاترا کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکن پیدل اور موٹر سیکلوں پر سوار شامل تھے۔ گاندھی بھون پہنچنے پر جلسہ عام منعقد ہوا جس میں مقررین نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عدم تشدد کے ذریعہ مہاتما گاندھی نے ملک کی آزادی کیلئے جدوجہد کی تھی ۔ آر سی کنتیا نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مہاتما گاندھی کے اصولوں کو اختیار کیا جائے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت اور اس کی تائیدی جماعتیں مہاتما گاندھی کے مقام کو گھٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بھٹی وکرمارکا کے جانا ریڈی اور دوسروں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے قاتلوں کو قومی ہیرو کے طور پر پیش کیا جارہا ہے ۔ برطانوی سامراج کے خلاف گاندھی جی نے نہ صرف جدوجہد کی بلکہ قوم کو عدم تشدد کا پیام دیا ۔
ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں سینکڑوں مجاہدین آزادی نے اپنی جانیں قربان کی۔ کانگریس پارٹی نے 150 ویں جینتی تقاریب کے سلسلہ میں آئندہ ایک ہفتہ تک مختلف پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جانا ریڈی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کا پیام دنیا بھر میں مشعل راہ بن چکا ہے۔ نیلسن منڈیلا اور دیگر قائدین نے اپنے اپنے ممالک میں عدم تشدد کے ذریعہ آزادی کی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو فرقہ پرست طاقتوں سے خطرہ لاحق ہے جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔ قومی سالمیت کمیٹی کے صدر ایس کے افضل الدین کی صدارت میں پرکاشم ہال میں گاندھی جینتی تقاریب منعقد کی گئیں۔ آر سی کنتیا نے اس موقع پر طلبہ میں انعامات تقسیم کئے ۔ پد یاترا میں حصہ لینے والے اہم قائدین میں پونم پربھاکر ، کسم کمار ، پونالہ لکشمیا ، ششی دھر ریڈی ، سریدھر بابو ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو ، سرینواس کرشنن ، گیتا ریڈی ، انجن کمار یادو ، انیل کمار یادو ، کمار راؤ اور دوسرے شامل ہیں۔