ابوالکلام آزاد نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں 150ویں سالگرہ تقریب
حیدرآباد ۔ 29اکٹوبر ( راست ) ابوالکلام آزاد نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا جس کا افتتاح وزیر داخلہ حکومت تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے کیا ۔ اس نمائش میں مہاتما گاندھی کے بچپن سے لے کر ان کی لندن میں تعلیم افریقہ میں جدوجہداور ہندوستان میں مختلف تحریکوں برائے آزادی ہند کو پیش کیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ جناب محمود علی نے اپنی تقریر میں کہا کہ مہاتماگاندھی کی زندگی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے ۔ ابوالکلام آزاد انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اس نمائش کا انعقاد ایک مستحسن اقدام ہے ۔انہوں نے نمائش کی ترتیب و تزئین کیلئے معتمد ادارہ جناب احمد علی کی خدمات کو سراہا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سال مکمل حکومتی امداد اجراء کی جائے گی جو کہ نہایت قلیل ہے اور اس سلسلہ میں حکومتی امداد کو بڑھانے کا تیقن بھی دیا اور ذمہ داران اجرائی امداد کو برسرموقع احکام جاری کئے ۔ مہمان خصوصی محترمہ طیبہ آفندی معزز رکن مرکزی حج کمیٹی نے اپنی تقریر میں ادارہ کے اغراض و مقاصد کے تحت منعقدہ پروگرامس کی ستائش کرتے ہوئے اس کو ادارہ کی نشاۃ ثانیہ سے تعبیر کیا اور ادارہ کی ترقی میں اپنے بھرپور تعاون کا تیقن دیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر مجلس علمیہ نے اپنی تقریر میں ادارہ کی حالیہ سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور آئندہ کے مختلف پروگرامس اور ان کی اہمیت و افادیت سے واقف کروایا ۔ جلسہ کی کارروائی معتمد اعزازی و ناظم ادارہ جناب احمد علی نے چلائی ۔ جلسہ کی صدارت پروفیسر اشرف رفیع نے کی اور اپنی تقریر میں وزیر داخلہ محمد محمود علی اور ہردلعزیز چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ کی اقلیت دوستی اور تلنگانہ کے عوام کیلئے فلاح و بہبود کے کاموں کو سراہا ۔ خاص طور پر جناب محمد محمود علی نے اپنے محکمہ میں مختلف اسکیمات کو روبہ عمل لاکر خاص کر خواتین کے تحفظ و ترقی کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک فعال شخصیت ہیں اور انتہائی اہم اور حساس ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے وہ ہمیشہ عوام سے قریب رہے ہیں ۔ جناب احمد علی معتمد اعزازی کے شکریہ پر یہ پُراثر تقریب اختتام کو پہنچی ۔