مہاتما گاندھی کی زندگی ہر ایک کیلئے مثالی : کلکٹر راہول راج

   

میدک۔ 2اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مہاتما گاندھی کی زندگی ہر ایک کے لئے ایک مثالی نمونہ ہے اور اُن کے نقش قدم پر چلنا ہی ان کو پیش کیا جانے والا حقیقی خراج عقیدت ہے، یہ بات ضلع کلکٹر راہل راج نے کہی۔ انہوں نے پیر کے دن ضلع ہیڈکوارٹر رام داس چوراہے پر مہاتما گاندھی جینتی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اضافی کلکٹر ناگیش، میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ گاندھی مجسمہ پر پھول مالا چڑھاکر خراج پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے اپنی زندگی کے تجربات بیان کرتے ہوئے “سچ کی تلاش” اور “سچ کے ساتھ میرے تجربات” کے نام سے خود نوشت تحریر کی تھی اور اپنی ساری زندگی سچائی اور عدم تشدد کے راستے پر گزاری۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مہاتما گاندھی کی زندگی سے تحریک حاصل کرنی چاہئے اور ان کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہئے، کیوں کہ گاندھی جی کی حیات کے مطالعے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ہمیں کس طرح زندگی گزارنی چاہئے اور کس طرح نہیں۔ اس پروگرام میں مختلف محکموں کے عہدیدار اور عملہ شریک رہا۔اسی طرح دفتر آرڈی او پر بھی RDO میدک محترمہ رمادیوی نے بھی مہاتما گاندھی کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کی۔ ان کے ہمراہ RI میدک تحصیل لکشمن بھی شریک تھے۔