مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش پر جامعہ ملیہ کا خراج عقیدت

   

نئی دہلی,2اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کو آج سے پلاسٹک سے پاک کیمپس قرار دے دیا گیا ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے یونیورسٹی عملہ اور طلباء سے پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے اور کیمپس کو صاف رکھنے کا عہد لیا۔ ا نھوں نے متعلقین جامعہ سے کہا کہ آپ حضرات خود بھی پلاسٹک کا استعمال نہ کریں اور دوسروں کو بھی ایسا نہ کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پلاسٹک کے لئے بہتر متبادل تلاش کر یں، ساتھ ہی ایک دوسرے کو کیمپس میں سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کے بارے میں یاد دلاتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے پہلے ہی پورے کیمپس میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے ، جس میں تمام ہاسٹل، جامعہ کمیونٹی سنٹر، کینٹین، دکانیں، کافی ہاؤسز وغیرہ شامل ہیں۔رجسٹرار مسٹر اے پی صدیقی (آئی پی ایس) کے اعلان کے بعد اساتذہ اور طلباء نے جھاڑو کا استعمال کرتے ہوئے کیمپس میں صفائی مہم کا بھی آغاز کیا اور ڈسٹ بینوں میں کچرا جمع کرکے مثال قائم کیا۔وائس چانسلر نے این ایس ایس اور این سی سی رضاکاروں پر مشتمل طلباء کے 7 گروپوں کو بھی روانہ کیا جو قریبی علاقوں کا دورہ کریں گے اور لوگوں کو بتائیں گے کہ وہ اپنی روز مرہ کی زندگی اور صفائی میں پلاسٹک کا استعمال نہ کریں۔