مہاتما گاندھی کے خیالات ہر دور میں قابل تقلید: صدر جمہوریہ

   

نئی دہلی۔23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ مہاتما گاندھی کے خیالات اور ان کا عمل ہر دور میں بنی نو انسان کے لیے قابل عمل اور قابل قبول رہا ہے۔ کووند نے یہ تبصرہ ورلڈ یوتھ کانفرنس آن کائنڈنس میں کیا جسے یونسکو مہاتما گاندھی انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن نے منعقد کیا تھا جس کا مقصد عالمی سطح پر امن اور ترقی کے استحکام کے لیے کام کرنا ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم گاندھی جی کو ایک ٹائم مشین میں رکھ کر اب سے کسی بھی زمانے کے لیے روانہ کردیں جہاں انسان اور انسانیت موجود ہو تو آپ پائیں گے کہ ہر دور میں انسانی اقدار کے لیے گاندھیائی اصول قابل تقلید اور قابل عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جو آج ہر طرف نفرت اور تشدد کا بازار گرم ہے، اگر آپ اس کے جڑوں میں جاکر دیکھیں گے تو پائیں گے کہ اس کی بنیادی وجہ تعصب اور نفرت ہے جسے گاندھیائی اصولوں پر گامزن ہوکر ختم کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ یوتھ کانفرنس میں 27 ممالک کے ایک ہزار سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا۔