جونپور : اتر پردیش کے کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) گریش چندر یادو نے اتوار کو کہا کہ مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی اورریاست میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے گرام سواراج کا خواب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔ ولیج سیکرٹریٹ کی تعمیر اسی ترتیب کا ایک نمونہ ہے ۔یادو نے سکرارا ترقیاتی علاقہ کے خاناپٹی گاؤں میں نوتعمیر شدہ ولیج سکریٹریٹ (پنچایت بھون) کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر کہا کہ پنچایت بھون کی تعمیر سے اب گاؤں والوں کو بلاکس اور تحصیلوں کا چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ایک ہی چھت کے نیچے حکومت کی تمام عوامی فلاحی اسکیمیں جیسے پنشن اسکیم، آیوشمان بھارت یوجنا، آمدنی، ڈومیسائل کے اندراج کی سہولتیں ہوں گی۔