ملک، دنیا اور سماج میں پھیلے تناؤ سے آزاد ہونے کےلیے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے نظریہ کو اپنانے اور انکے دکھائے ہوئے رستہ پر چلنے کی ضرورت ہے۔ ان باتوں کا اظہار مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کیا۔ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے آج راشٹر پیتا مہاتما گاندھی 150ویں یوم سالگرہ کے موقع پر کانگریس کی طرف سے منعقد پیدل مارچ میں شامل ہوئے، وزیر اعلیٰ نے مقامی روشن پورا چوراہے سے منٹو ہال میں واقع مہاتما گاندھی کے مجسمے تک پیدل مارچ کیا ۔کمل ناتھ نے مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھولوں کےہار چڑھا کر انہیں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اس کے بعد وہ پرانی ودھان سبھا چوراہے پر واقع سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کے مجسمے کے مقام پر پہنچے اور ان کے مجسمے پر بھی پھولوں کے ہار چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلی نے مزید بیان کرتے ہوئے کہا کہ مہاتما گاندھی صرف ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا کےلیڈر تھے۔انہوں نے اپنی شخصیت اور کاموں سے پوری دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی تھی۔انہوں نے امریکہ کے صدر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کرنے کی جگہ پر بھی مہاتما گاندھی کی تصویر لگی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ راشٹر پیتا مہاتما گاندھی کی پیدائش 2اکتوبر کو ہوئی اسی تناظر میں ملکی پیمانے پر یہ دن زور و شور سے منایا جاتا ہے۔ چونکہ اس سال 150 سال مکمل ہو رہے ہیں تو حکومت کی طرف سے خاص اہتمام کیا گیا ہے۔