مہاراشٹرا کے منی بھون میں بھجن کی گونج ، چیف منسٹرس مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کا خراج عقیدت
لکھنو۔2اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) یو پی اسمبلی کا ایک خصوصی اجلاس جو 36گھنٹے طویل ہوگا مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش تقریب کے سلسلہ میں چہارشنبہ سے شروع ہوا ۔ چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ نے اپوزیشن کے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ بابائے قوم کی توہین کے مترادف ہے ۔ تاہم اس سے مقننہ کے ایوان کی بھی توہین ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی اور کونسل کے اجلاس بیک وقت 11بجے دن شروع ہوں گے اور جمعرات کی رات دیر گئے تک کسی وقفہ کے بغیر جاری رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیںحیرت ہے کہ اپوزیشن جو کُل جماعتی اجلاس طلب کرچکی ہے تاکہ غریبوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے ، ایوان اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی اجلاس میں تمام قائدین 16 پائیدار تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کریں گے اور مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش تقریب کے موقع پر ان کے مقاصد پر غور کریں گے ۔ تاہم اپوزیشن پارٹیوں بشمول سماج وادی ، بی ایس پی ، کانگریس اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی نے کارروائی کا بائیکام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت صرف ریکارڈ پُر کرنے کیلئے اپنا اجلاس منعقد کررہی ہے ۔ ڈکشٹ نے کہا کہ یہ بدبختانہ ہے کہ اپوزیشن قائدین جنہوں نے اجلاس کے انعقاد سے اتفاق کیا تھا کارروائی کے دوران موجود نہیں ہیں ۔ غالباً انہیں یاد نہیں ہے کہ انہوں نے اجلاس سے اتفاق رائے کیا تھا ۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب مہاراشٹرا کے منی بھون میں چرخہ چلانے اور بھجن گانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش تقریب منائی جاسکے ۔ دن کا آغاز 7:30بجے صبح ہوا جس میں چرخہ کاٹا گیا ۔ اس کے بعد ایک گھنٹہ طویل دعائیہ اور بھجنوں کا اجلاس منعقد کیا گیا ۔ منی بھون کے ایکزیکٹیو سکریٹری میگھے شیام اجگاؤنکر نے کہا کہ شام میں ایک لکچرر کی میمبانی کی جائے گی جو مورخ رام سندر سوہا دیں گے ، ان کی تقریر کا موضوع ’’گاندھی کی تلاش ‘‘ ہوگا ۔
قومی گیلیری برائے ماڈرن آرٹ کے بموجب تصاویر کی ایک نمائش بھی منعقد کی جائے گی جس کے مرکزی موضوع سودیسی ، اہنسا ، صداقت اور ستیہ گرہ ہوں گے ۔ شام میں بیلے رقص کا پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا ۔ سنٹرل ریلوے نے ٹرینوں کے ڈبوں پر گاندھی جی کی تصویریں پینٹ کی ہیں ۔ بھوپال سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے والے جلوس کی قیادت کی جس کا آغاز 8:25بجے صبح روشن پور چوک سے ہوا اور اختتام منٹوہال پر ہوا ۔ اس موقع پر دیگر کئی جلوس بھی نکالے گئے اور تقاریب منعقد کی گئیں ۔ کولکتہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر مغربی بنگال صدر ترنمول کانگریس ممتابنرجی بھی گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرنے والے سیاسی قائدین میں شامل تھیں ۔