مہاجاتی سدن کولکتہ کے روبرو دھماکے ’پٹاخوں کے تھے بموں کے نہیں‘

   

کولکتہ : مہاجاتی سدن بستی کولکتہ کے روبرو آج صبح دھماکے کرنے کا واقعہ پیش آیا جہاں پر انتخابی رائے دہی کا آخری مرحلہ جاری تھا۔ ابتداء میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ یہ دیسی ساختہ بموں کے دھماکے تھے ۔ یہ واقعہ سنٹرل ایونیو کے روبرو جو قلب شہر میں واقع ہے پیش آیا تھا ۔ جب کہ اس علاقہ میں رائے دہی کا آغاز ہوا تھا ۔دھماکوں کی آواز سے عوام میں دہشت پھیل گئی ۔ یہ واقعہ ابتدائی خبر کے بموجب ممنوعہ پٹاخوں کا دھماکہ تھا اور بموں کا دھماکہ نہیں ۔ الکٹورل آفیسر کے دفتر سے اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے بموجب اس واقعہ کے پس پردہ افراد کی شناخت اور تلاش کی کوشش جاری ہے ۔ واقعہ کے کچھ ہی دیر بعد بی جے پی کے جوراسنکا امیدوار وینا دیوی نے الزام عائد کیا کہ یہ دیسی ساختی بموں کے دھماکے کئے گئے تھے جنہیں ایک گاڑی سے پھینکا گیا تھا ۔ انہوں نے مختلف انتخابی بوتھس کا دورہ کرنے کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس کار سے بم پھینکے گئے تھے لیکن وہ خوفزدہ نہیں ہوئیں جب کہ وہ انتخابی بوتھس سے دورہ پر تھی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں ہلاک کردینے کی کوشش کی گئی اور یہ رائے دہندوں کا تیار کردہ منصوبہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کیبھاری تعداد موقع واردات پر تعینات کردی گئی ہیں ۔ کولکتہ میں سات نشستوں بشمول جورا سنکو رائے دہی جاری ہے ۔ کولکتہ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار کے بموجب کولکتہ اسمبلی انتخابات کا یہ قطعی اور آخری مرحلہ ہے ۔ رائے دہی کا آغاز 7بجے صبح ہوا اور امکان ہے کہ 6:30 بجے شام تک رائے دہی جاری رہے گی ۔