پونے ۔ 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کیشو مہاراج اور فاسٹ بولر ورنان فیلینڈر کے درمیان نویں وکٹ کیلئے 109 رنز کی پارٹنر شپ نے جہاں ہندوستانی بولروں کو جھنجھلاہٹ میں مبتلاء کیا وہیں جنوبی افریقہ کو یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں مکمل شرمناک صورتحال سے محفوظ رکھا اور وہ 105.4 اوورس میں 275 رنز اسکور کرپائے۔ اسپنر مہاراج نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 132 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کئے جبکہ فاسٹ بولر فیلینڈر 192 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آخری وکٹ فاسٹ بولر ربادا کی شکل میں گری۔ وہ 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد دو رنز بنا کر روی چندرن اشون کا چوتھا شکار بنے۔ قبل ازیں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے میڈل آرڈر میں ٹیم کو نازک صورتحال سے باہر نکالنے کی کوشش میں محتاط اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے بیٹنگ کی لیکن ان کی اننگز 117 گیندوں پر ہی مشتمل رہی جس میں انہوں نے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ گذشتہ مقابلہ میں سنچری بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈیکاک نے 48 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناتے ہوئے جارحانہ طرز اختیار کیا تھا لیکن ان کی اننگز زیادہ طویل نہ ہوئی جیسا کہ اشون نے انہیں بولڈ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک اہم کامیابی دلائی۔ اشون کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان کو پہلی اننگز میں اب 326 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ اشون نے 28.4 اوورس میں 69 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ اومیش یادو کو 3 وکٹیں ملیں۔